صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی سے ورلڈ بینک کے وفد کی ملاقات، جاری اور نئے منصوبوں بارے تبادلہ خیال

پیر 22 اپریل 2024 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) صوبائی وزیر آبپاشی میر صادق عمرانی سے یورو سدیبے کی سربراہی میں ورلڈ بینک کے وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری آبپاشی حافظ عبد الماجد اور بلوچستان انٹیگریٹڈ واٹر ریسورس مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کے پی ڈی انجنیئر برکت اللہ کاکڑ اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وفد نے صوبائی وزیر کو ورلڈ بینک کی جانب سے محکمہ آبپاشی میں جاری اور نئے آنے والے منصوبوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ بلوچستان انٹیگریٹڈ واٹر ریسورس مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا تخمینہ 14.747 ارب روپے ہے جو 2017 ء سے صوبے کے دو واٹر بیسن ناڑی اور پورالی میں مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے اور 2025 ءکے اوائل تک یہ منصوبہ اختتام پذیر ہوگا ۔

اس منصوبے سے ان دو واٹر بیسن اور اس سے منسلک آبادیوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔

(جاری ہے)

وفد نے مزید بتایا کہ 2022 ء میں صوبے کے مختلف انفراسٹرکچر کو سیلاب سے شدید نقصان پہنچا اور اس کی تعمیر و مرمت میں ورلڈ بینک نے 8.8 ارب روپے کا ایک اور منصوبہ انٹیگریٹڈ فلڈ ریزیلینس اور ایڈاپٹیشن پراجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے جس سے صوبے میں آفت زدہ قرار دئیے جانے والے متاثرہ علاقوں کی کمیونٹیز کی فلاح وبہبود اور سیلاب کے خطرے سے بچاؤ کے لیے اقدامات اٹھانا شامل ہیں۔

وفد نے مزید بتایا کہ ایک اور منصوبہ بلوچستان واٹر سکیورٹی پروڈکٹیوٹی امپروومنٹ پراجیکٹ جسکا تخمینہ 100 ملین ڈالر ہے ، شروع کرنے جا رہے ہیں جو کہ کوئٹہ شہر میں پانی کی کمی کی صورتحال کو پورا کرنے اور کچھی پلین فلڈ مینجمنٹ کی بہتری کے لیے ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر میر صادق عمرانی نے حکومت بلوچستان کی جانب سے عالمی بینک کے اقدامات کر سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی بینک کے اقدامات قابل ستائش ہیں ۔

وفد نے صوبائی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور حکومت بلوچستان کی ترقیاتی منصوبوں پرہر ممکن مدد کا یقین دلایا۔ قبل ازیں صوبائی وزیر کو سیکرٹری آبپاشی حافظ عبد الماجد نے تفصیلی بریفننگ دی ۔اس موقع پر چیف انجنیئر اور ڈی جی پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ مانیٹرنگ بھی موجود تھے ۔ صوبائی وزیر نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی کی تعریف کی اور تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرز کو تاکید کی کہ منصوبوں کی شفافیت اور ان پر کام بہترین معیار کا ہونا چاہیے ، جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر بسول ڈیم اور توئیوار باتوزئی کو کہا کہ رواں سال اگست تک ان منصوبوں کو مکمل کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ سیکرٹری آبپاشی کے ہمراہ مکران اور نصیر آباد ڈویژن کے منصوبوں کا خود دورہ کریں گے جبکہ محکمہ کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے پوسٹنگ اور ٹرانسفر میرٹ کی بنیاد پر ہونگی ، تمام افسران اور اہلکار بلوچستان کی ترقی میں اپنا بہترین کردار ادا کریں۔ صوبائی وزیر کو کچھی کینال سے متعلق بھی بریفننگ دی گئی ۔