Live Updates

پنجاب میں صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی گئی

اتھارٹی کے قیام کیلئے قانون سازی کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت،، انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے 11 قوانین، رولز اور آرڈیننس میں ترامیم کا بھی فیصلہ،وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 23 اپریل 2024 11:14

پنجاب میں صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی گئی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اپریل2024 ء) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیدی،اتھارٹی کے قیام کیلئے قانون سازی کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت، انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کیلئے 11 قوانین، رولز اور آرڈیننس میں ترامیم کا بھی فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس میں ڈسٹرکٹ اور تحصیل کی سطح پر صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں انفورسمنٹ اتھارٹیز کو 6 ماہ میں فعال کرنے کی ہدایت کردی۔صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی منصوبے کے تحت پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل میں بھی انفورسمنٹ اتھارٹیز قائم کی جائیں گی، صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی کی سربراہی چیف سیکرٹری کریں گے جبکہ ڈی جی بھی تعینات ہو گا، ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اتھارٹی میں ڈپٹی کمشنر جبکہ تحصیل انفورسمنٹ اتھارٹی کا سربراہ اے سی ہو گا۔

(جاری ہے)

تحصیل انفورسمنٹ یونٹ کے زیر نگرانی تحصیل کی سطح پر پولیس سٹیشن اور سپیشل فورس بھی قائم کی جائے گی، تحصیل انفورسمنٹ اتھارٹی میں یونٹ انچارج، انویسٹی گیشن آفیسرز، انفورسمنٹ آفیسرز اور کانسٹیبل تعینات ہوں گے۔تحصیل انفورسمنٹ یونٹ کو قانون پر عملدرآمد کے علاوہ مقدمہ درج کرنے، تحقیقات اور گرفتاری کے اختیارات بھی حاصل ہوں گے جبکہ مانیٹرنگ کے لئے صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹی اور ڈسٹرکٹ انفورسمنٹ اتھارٹی کے دفاتربھی قائم کئے جائیں گے۔صوبائی انفورسمنٹ اتھارٹیز سرکاری اراضی پر قبضوں سمیت دیگر سپیشل ٹاسک سرانجام دیں گی، اتھارٹی کو پرائس کنٹرول، سرکاری زمینوں پر قبضے، تجاوزات اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کے اختیارات ہوں گے۔


Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات