کراچی، گھریلو پریشانیاں ،آن لائن ٹیکسی ڈرائیور نے خود کشی کر لی

سمندر میں چھلانگ لگانے سے قبل طاہر نے گھر پر ویڈیو کال کرکے خودکشی کی اطلاع بھی دی تھی، 2بچیوں کے باپ 27سالہ طاہر محمود گھریلوپریشانیوں اور قرضوں کی وجہ سے کچھ عرصہ سے پریشان تھا

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 23 اپریل 2024 12:44

کراچی،  گھریلو پریشانیاں ،آن لائن ٹیکسی ڈرائیور نے خود کشی کر لی
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 اپریل2024 ء) کراچی کے علاقے دو دریا میں گھریلو پریشانیوں سے تنگ آن لائن ٹیکسی ڈرائیور نے خود کشی کر لی،سمندر میں چھلانگ لگانے سے قبل طاہر نے گھر پر ویڈیو کال کرکے خودکشی کی اطلاع بھی دی تھی۔تفصیلات کے مطابق آن لائن ٹیکسی ڈرائیور اور 2بچیوں کے باپ 27سالہ طاہر محمود گھریلوپریشانیوں اور قرضوں کی وجہ سے کچھ عرصہ سے پریشان تھا۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ سی ویو دو دریا کلاک ٹاور کے قریب سمندر میں ایک شخص کے ڈوبنے کی اطلاع ملی تھی جس کے بعد ایدھی بحری خدمات کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی تھی تاہم بعد میں پتہ چلا کہ آن لائن ٹیکسی ڈرائیور نے خودکشی کرلی ہے۔پولیس نے موقع پر لاش قبضے میں لیکر مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔خیال رہے کہ چند روز قبل کراچی میں پاک کالونی کے علاقے ریکسرلائن پل کے قریب سے70 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی تھی جس کی شناخت اور وجہ موت کاتعین نہیں ہوسکاتھاجیکسن تھانے کی حدود کیماڑی گھاس بندر کے قریب سمندر میں ڈوبی ہوئی تین سے پانچ دن پرانی 35 سال کے شخص کی لاش ملی تھی متوفی کے پاس سے شناخت کی کوئی چیز نہیں ملی اسی طرح شاہ لطیف ٹاون کے علاقے لانڈھی منزل پمپ پل کے نیچے سے 40 سال کے نامعلوم شخص کی لاش ملی تھی جس کی شناخت اور وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس نے تینوں لاشیں سرد خانے میں رکھوادی ہیں، علاوہ ازیں کورنگی بلال کالونی مصطفیٰ ٰمسجد کے قریب واقع گھر سے ملنے والی خاتون کی پھندا لگی لاش جناح ہسپتال لائی گئی تھی جس کی شناخت 35 سالہ سعیدہ زوجہ عمران کے نام سے ہوئی تھی۔پولیس کے مطابق متوفیہ کے گھر والوں نے پولیس کو بتایا کہ متوفیہ نے گھریلو پریشانی کے باعث خودکشی کی تھی جبکہ گھریلو پریشانی میں مبتلا پانچ بہنوں کے اکلوتے بھائی نے زہر پھانک کر زندگی کا خاتمہ کر لیاتھا۔

قلعہ دیدار سنگھ کا احمد کچھ دنوں سے گھریلو پریشانی میں مبتلا تھا جس نے اسی پریشانی کے عالم میں زہریلی گولیاں کھا لیں تھیں جسے حالت غیر ہوجانے کے باعث اسکے ورثا نے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا تھاجہاں پر وہ کچھ دیر موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا تھا۔