شوہر نے پیسے نہ دینے پر بیوی کی ناک اور کان کاٹ دیئے

ملزم اور اس کے دیگر ساتھی خاتون کے کان میں موجود سونے کی بالیاں لے کر فرار ہوگئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 اپریل 2024 14:57

شوہر نے پیسے نہ دینے پر بیوی کی ناک اور کان کاٹ دیئے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل 2024ء ) صوبہ پنجاب کے شہر پھول نگر میں ظالم شوہر نے پیسے نہ دینے پر بیوی کی ناک اور کان کاٹ دیئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تشدد کا یہ افسوسناک واقعہ پنجاب کے شہر پھول نگر کے علاقہ صابری محلہ میں پیش آیا جہاں پیسے نہ دینے پر لطیف نامی شخص نے اپنی بیوی نگینہ کوثر کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور اس کے ناک و کان کاٹ دیئے جب کہ خود گھر سے فرار ہو گیا۔

بتایا گیا ہے کہ ظالم شوہر نے تیز دھار آلے سے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر نگینہ کے ناک اور کان کاٹے، جس کے بعد ملزمان اس کے کان میں موجود سونے کی بالیاں لے کر فرار ہوگئے، زخمی خاتون نے فون پر اپنے بھائی کو واقعے کی اطلاع دی جس نے فوری طور پر وہاں پہنچ کر پولیس کو آگاہ کیا اور واقعے کا مقدمہ درج کروا دیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی آر میں متاثرہ خاتون کے بھائی کا کہنا ہے کہ ’بہنوئی لطیف نے میری بہن سے کمیٹی کے پیسے مانگے جو نہ دینے پر لطیف نے نگینہ کوثر پر شدید تشدد کیا، اس دوران اس کے ناک اور کان کاٹ دیئے، واقعے کی اطلاع ملنے پر جب میں اس کے گھر پہنچا تو وہ شدید زخمی تھی‘، بعد ازاں پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کردیا اور واقعے کی تفتیس شروع کرتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کیلئےسپیشل ٹیم تشکیل دے دی۔

ادھر صوبہ سندھ کے شہر سکھر میں تھانہ سائیٹ ایریا کی حدود قریشی گوٹھ میں گھریلو جھگڑے کے نتیجے میں ظالم شوہرصحیب شیخ نامی شخص نے اپنی 25 سالہ نوجوان بیوی مسمات سلمیٰ کا گلہ دبا کر قتل کردیا اور قتل کے بعد بیوی کی نعش کو کمرے کی چھت سے ٹانگ دیا، واقعے کی اطلاع پر پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم صحیب شیخ کو گرفتار کرکے نعش تحویل میں لے کر پاس کو وسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال روانہ کیا بعد ازیں قانونی کاروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی ، پولیس نے واقعے میں ملوث ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی جب کہ قتل ہونے والی خاتون کے ورثاء نے حکام بالا سے اپیل کی ہے کہ قتل میں ملوث ملزمان مجیب شیخ اور دیگر کو کیفر کردار تک پہنچا کر انصاف فراہم کیا جائے ۔