Live Updates

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری

صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 16 ہزار سے زائد چھاپے، 7929 مقدمات درج، 8412 ملزمان گرفتار

منگل 23 اپریل 2024 22:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر منشیات کی لعنت کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پنجاب پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی ڈرگ فری پنجاب مہم کے سلسلے میںصوبہ بھر میں ٹارگٹڈ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں تیزی لائی گئی ہے ۔ آئی جی پنجاب نے کہاکہ خصوصی مہم کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 16 ہزار سے زائد چھاپے مارے گئے ، 57 دنوں میں منشیات فروشوں کے خلاف 7929 مقدمات درج کئے گئے جبکہ 8412 ملزمان کو گرفتار کیا گیا،ملزمان کے قبضے سے 5374 کلو چرس، 27 کلو گرام سے زائد آئس ، 216 کلو افیون، 97 کلو ہیروئن، 105910 لٹر شراب برآمد کی گئی ۔

ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 229 چھاپے مارے گئے ،منشیات کے کاروبار میں ملوث 90 ملزمان گرفتارجبکہ 87 مقدمات درج کئے گئے، ترجمان پنجاب پولیس نے کہا کہ ملزمان کے قبضے سے 44 کلو چرس، 360 گرام آئس اور 862 لٹر شراب برآمد کی گئی ۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے آر پی اوز، ڈی پی اوز کو منشیات کے خلاف آپریشنز میں مزید تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سپیشل ٹیمیں منشیات اسمگلرز، ڈیلرز سمیت سپلائی چین میں ملوث تمام ملزمان کو قانون کی گرفت میں لائیں۔ ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کا زہر پہنچانے والوں کو نشان عبرت بنا دیا جائے۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات