جاپانی سفیر کی اعظم نذیرتارڑ کی ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

منگل 23 اپریل 2024 22:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) پاکستان میں جاپان کے سفیرمحترم واڈا مٹسو ہیرو نے وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے ملاقات کی جس میں دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کی ثقافت اور روایات زیر بحث آئیں۔ وزیر قانون نے کہا کہ جاپان پاکستان کا انتہائی قریبی دوست ہے اور اس نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

وزیر قانون نے 2022 کے سیلاب کے دوران جاپان کی کوششوں کو خاص طور پر سراہا۔

(جاری ہے)

دونوں فریقین نے سیکیورٹی کی صورتحال اور ملک میں موجود تمام غیر ملکی اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر قانون نے سیکیورٹی خدشات پر حکومت کے عزم اور خصوصی توجہ پر زور دیا۔ حکومت وزیراعظم کی ہدایت پر خصوصی تحفظ یونٹ قائم کر رہی ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ معیشت کے حوالے سے بھی حالات بہتر ہوں گے،حکومت اقتصادی بحالی کے لیے پرعزم ہے،دونوں فریقین کے مابین قانونی اصلاحات پر کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آخر میں وزیر قانون نے ملک میں موجود غیر ملکی معززین کی سہولت کے لیے حکومت کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔