پشاور،سکھ تاجر کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق

فائرنگ سے سکھ شہری محفوظ رہا، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے

منگل 23 اپریل 2024 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) پشاور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ تاجر کی سیکیورٹی پر مامور اہلکار جان کی بازی ہار4گیا جبکہ فائرنگ سے سکھ شہری محفوظ رہا۔تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے تھانہ انقلاب میں تعینات ایکس سروس مین فرہاد نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا، فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق فرہاد باغبان بازار میں گل جیت سنگھ کی دکان کی سیکیورٹی پر مامور تھا، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سکھ شہری بال بال بچ گیا ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار ، ایس پی صدر ڈویژن محمد زمان خان ، ڈی ایس پی صدر ارباب نعیم حیدر دیگر پولیس کے ہمراہ فوری موقع پر پہنچ گئے ، اہلکار کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی تلاشی کیلئے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔