وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو کی ملاقات

منگل 23 اپریل 2024 21:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو نے ملاقات کی ہے۔ وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق منگل کو یہاں ملاقات کے موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کی ثقافت اور روایات بھی زیر بحث آئیں۔

اس موقع پر وزیر قانون نے کہا کہ جاپان پاکستان کا انتہائی قریبی دوست ہے اور ضرورت کے وقت ساتھ رہا ہے۔ وزیر قانون نے 2022 کے سیلاب کے دوران جاپان کی امدادی کوششوں کو خاص طور پر سراہا۔ فریقین نے سکیورٹی کی صورتحال اور ملک میں موجود تمام غیر ملکی اہلکاروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

وزیر قانون نے سکیورٹی خدشات پر حکومت کے عزم اور خصوصی توجہ پر زور دیتے ہوئے جاپانی سفیر کو بتایا کہ حکومت وزیراعظم کی ہدایت پر خصوصی تحفظ یونٹ کا اہتمام کر رہی ہے۔

وزیر قانون نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ معیشت کے حوالے سے بھی حالات بہتر ہوں گے۔ حکومت اقتصادی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔ ملاقات کو دوران فریقین کے درمیان قانونی اصلاحات پر جاری کام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے آخر میں وزیر قانون نے ملک میں موجود غیر ملکی معززین کی سہولت کے لیے حکومت کی جانب سے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔