پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر کی وزیر اعظم سے ملاقات

پاکستان آسٹریلیا کیساتھ زراعت، لائیو اسٹاک، کان کنی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے،شہبازشریف

منگل 23 اپریل 2024 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہاہے کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ زراعت، لائیو اسٹاک، کان کنی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے منگل کو وزیراعظم ہائومیں ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے آسٹریلوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے موجودہ دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ زراعت، لائیو اسٹاک، کان کنی اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آسٹریلوی کمپنیوں اور ماہرین کو بھی دعوت دی کہ وہ پاکستانی کمپنیوں کے ساتھ اپنی مہارت کا اشتراک کریں۔

وزیر اعظم نے آسٹریلیا میں مقیم پاکستانیوں جن میں طلبا کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے کا بھی خصوصی ذکر کیا۔آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستان کے ساتھ آسٹریلیا کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اعادہ کیا اور اس حوالے سے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو آسٹریلوی دفاعی حکام کے پاکستان کے دوروں سمیت آئندہ دو طرفہ مصروفیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

آسٹریلوی ہائی کمشنر نے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے نشان دہ ترجیحی شعبوں سمیت کھیلوں، بالخصوص کرکٹ اور ہاکی اور ثقافتی تعاون کو بھی مضبوط بنانے کے حوالے سے بھی دلچسپی کا اظہار کیا ۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے پاکستانی سکیورٹی گارڈز کی بہادرانہ کوششوں کی بھی تعریف کی جنہوں نے سڈنی میں ایک حملے کے دوران کئی جانیں بچائیں اس حملے میں ایک پاکستانی سیکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوا جبکہ دوسرا زخمی ہوااس حملے میں پانچ خواتین جاں بحق ہوئیں تھیں۔