علی امین کی پریس کانفرنس حساس مسئلے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے،انجینئرامیر مقام

خیبر پختونخوا کنگال ہوچکا ،نیشنل سیکیورٹی کے معاملات پر سیاست اور سستی شہرت کا حصول قابل مذمت ہے،وفاقی وزیر

منگل 23 اپریل 2024 21:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2024ء) وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا آئینی فورمز پر کرنے والی باتیں پریس کانفرنس میں کر کے صرف سیاست کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورکی پریس کانفرنس کے جواب میں کہی۔امیر مقام نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے کی پریس کانفرنس نیشنل سیکیورٹی اور دہشت گردی جیسے حساس مسئلے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے یہ نکات متعلقہ فورمز پر کبھی کیوں نہیں اٹھائے جن میں وہ شریک ہوتے رہے ہیں۔ امیر مقام کاکہناتھاکہ دہشت گردی کے واپس آنے کی بنیادی وجہ ان کے لیڈر کی بطور وزیر اعظم غلط پالیسیاں تھیں، ان پالیسیوں کا خمیازہ آج پاکستان بھگت رہا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر امیر مقام نے کہاکہ آپ نے مذاکرات کے نتیجے میں دہشت گردوں کو جیلوں سے نکالا اور واپس لا کر آباد کیا، جیلوں سے نکل کر دہشت گرد دوبارہ منظم ہوئے اور دہشت گردی شروع کی،اپنی ناکامیوں کا ملبہ وفاق پر نہ ڈالیں۔

انہوں نے کہاکہ خیبر پختونخوا میں 10سال سے اقتدار میں آپ ہیں اور صوبہ کنگال ہوچکا ہے،نیشنل سیکیورٹی کے معاملات پر سیاست اور سستی شہرت کا حصول قابل مذمت ہے،وفاق کے پاس خیبر پختونخوا کا کوئی معاملہ زیر التوا نہیں۔ امیر مقام نے کہاکہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا صوبائی تعصب کا تاثر پیدا کرنا چاہتے ہیں، وفاق اور صوبائی اکائیوں کے درمیان امور طے کرنے کے آئینی فورمز پر بات کرنی چاہیے۔