نئی دلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ریمانڈ میں 7مئی تک توسیع

منگل 23 اپریل 2024 22:20

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) بھارت میں نئی دلی کی ایک عدالت نے شراب اسکینڈل کیس میں گرفتار دلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کے ریمانڈ میں 7مئی تک توسیع کردی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اروند کیجریوال کوتحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ان کا ریمانڈ ختم ہونے پر نئی دلی کی کاویری باویجا کی خصوصی عدالت میں پیش کیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے دلائل سننے کے بعد عام آدمی پارٹی کے رہنما اروندکیجریوال کی عدالتی حراست میں توسیع کا حکم دیا۔ عدالت نے بھارت راشٹر سمیتی کی لیڈر کے کویتا اورایک دیگر ملزم چن پریت سنگھ کی عدالتی تحویل میں بھی 7مئی تک توسیع کا حکم دیا۔ای ڈی نے تینوں ملزمان کو ویڈیوکانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا۔بھارتی سپریم کورٹ 29اپریل کواروند کیجریوال کی درخواست پر سماعت کرے گی۔ سپریم کورٹ نے اس سلسلے میں تحقیقاتی ادارے ای ڈی کو 24 اپریل تک اپنا جواب پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔واضح رہے کہ اروند کیجریوال کو 21 مارچ کو گرفتار کیاگیا تھااور اسکے بعد سے نئی دلی کی تہاڑ جیل میں قید ہیں۔