وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کو خیبرپختونخوا کے بارشوں اورلینڈسلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں بارے بریفنگ

بدھ 24 اپریل 2024 22:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2024ء) وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کو نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)اور پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)خیبرپختونخوا کے سینئر حکام نے حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔

فاقی وزیر نے کے پی میں بارشوں سے ہونے والی اموات پر گہرے دکھ و رنج کا اظہار کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے ہونے والے مالی و جانی نقصانات کا انہیں بہت دکھ ہے ، جن لوگوں کے مکانات تباہ ہوئے ہیں ان کو بھی مالی امداد دی جائے ۔وفاقی وزیر نے اعلیٰ حکام سے ملاقات میں اس بات پر زور دیا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے جو بھی امداد دی جائے اس میں شفافیت کو مد نظر رکھا جائے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے حکام کو بتایا کہ جاں بحق ہونے والے افراد کو معاوضہ دیا جائے جبکہ زخمیوں کو بہتر علاج معالجہ کی سہولت مہیا کی جائے ۔ پی ڈی ایم اے حکام نے بتایا کہ 12 اپریل سے اب تک بارش سے متعلقہ واقعات میں جاں بحق ہونے والوں میں 33 بچے، 14 مرد اور 12 خواتین شامل ہیں جبکہ مجموعی طور پر 72 افراد زخمی ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ 2883 مکانات اور 68 سکولوں کو نقصان پہنچا جبکہ 309 مویشی ہلاک ہوئے۔حکام نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ متاثرہ علاقوں میں ضلع شانگلہ، سوات، مانسہرہ، بونیر، بنوں، وزیرستان، بٹگرام، مردان، ہنگو، کوہاٹ، خیبر، دیر، ضلع مہمند، ضلع باجوڑ، چترال، کرک، ٹانک، پشاور اور ضلع چارسدہ شامل ہیں۔ ۔