حکومت بلوچستان کا کراٹے چیمپیئن شاہ زیب رند کو ملازمت، 20 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان

شاہ زیب بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہے، شاہ زیب نے ثابت کیا کہ بلوچستان میں عالمی سطح کا ٹیلنٹ موجود ہے، وزیر اعلیٰ

بدھ 24 اپریل 2024 20:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) حکومت بلوچستان نے دبئی میں روایتی حریف بھارت کے کراٹے کامبیٹ کھلاڑی کو شکست دینے والے شاہ زیب رند کو سرکاری ملازمت، 20 لاکھ روپے انعام دینے، بیرون ملک تربیت اور اس حوالے سے سفری اخراجات ادا کرنے کا اعلان کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی سے کراٹے کامبٹ ٹیم کے کپتان شاہ زیب رند نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بھارت کے خلاف مقابلہ جیتنے پر شاہ زیب رند کو مبارکباد دی، اس موقع پر شاہ زیب کے لیے ملازمت اور 20 لاکھ روپے کیش ایوارڈ کا بھی اعلان کیا گیا۔اپنی گفتگو میں وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ شاہ زیب بلوچستان اور پاکستان کا فخر ہے، شاہ زیب نے ثابت کیا کہ بلوچستان میں عالمی سطح کا ٹیلنٹ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ باصلاحیت نوجوانوں کی مکمل سرپرستی کی جائے گی، حوصلہ افزائی پر شاہ زیب رند نے وزیر اعلی بلوچستان کا شکریہ ادا کیا۔