وہ ڈاکو جنہوں نے گندم امپورٹ کی، جو کسان کے گلے پر چھری پھیر رہے ہیں انہیں اسلام آباد میں الٹا لٹکائیں

اپنے ڈاکے بند کریں اور کسانوں کیلئے کچھ کر دیں، کسان اگر سڑکوں پر آ گئے تو آپ سے کنٹرل نہیں ہوں گے، پی ٹی آئی ایم این اے شیخ وقاص اکرم نے کسانوں کیلئے آواز بلند کر دی

muhammad ali محمد علی بدھ 24 اپریل 2024 23:37

وہ ڈاکو جنہوں نے گندم امپورٹ کی، جو کسان کے گلے پر چھری پھیر رہے ہیں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 اپریل2024ء) شیخ وقاص اکرم نے گندم امپورٹ کرنے والوں کو اسلام آباد میں الٹا لٹکانے کا مطالبہ کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے شیخ وقاص اکرم نے کسانوں کیلئے آواز بلند کر دی۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ وہ ڈاکو جنہوں نے گندم امپورٹ کی، جو کسان کے گلے پر چھری پھیر رہے ہیں انہیں اسلام آباد میں الٹا لٹکائیں، اپنے ڈاکے بند کریں اور کسانوں کیلئے کچھ کر دیں، کسان اگر سڑکوں پر آ گئے تو آپ سے کنٹرل نہیں ہوں گے۔

حکومت کو پہلے ہی مینڈیٹ چوری، غریبوں اور عورتوں کو جیلوں میں رکھنے کی بددعائیں مل رہی ہے، مزید کسانوں کی بددعا نہ لیں۔ کسانوں کے بجائے بیشرم، بے غیرت اور دلال پیسے کما جاتے ہیں، کسانوں سے ظلم کرتے ہوئے ڈریں، کس منہ سے اپنے حلقوں میں جائیں گے، کس منہ سے فاتحہ اور جنازوں میں شامل ہوں گے، کسانوں کی زندگی آسان کریں، ڈکیتوں کو بے نقاب کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ملک کا کسان بڑی پریشانی میں ہے لیڈروں کی نالائقی کی وجہ سے ہے، وہ کسان جس کو بجلی کا بل بڑھتا جا رہا ہے کھادیں بلیک میں مہنگی مل رہی ہے، اسے کہہ رہے ہیں کہ فی ایکڑ صرف 6 بوریاں گندم خریدیں گے۔ آپ نے حکومت چھینی ہے، جب کسان پر چھری پھریں گے تو پھر اپنی حکومت کو کیسے دفاع کریں گے؟ بمپر کراپ ہے پھر بھی گندم امپورٹ کر رہے ہیں۔

پنجاب میں پچھلے سال کے گنے کے پیسے نہیں ملے، یہ حکومت سے باہر آئیں گے تو پھر اپنے حلقوں میں جائیں گے،مڈل مین لوٹ رہا ہے کسان کو فائدہ اٹھا رہا ہے۔ غریب کسانوں کے لے کچھ کیا جائے۔ دوسری جانب کسان بورڈ پاکستان نے احتجاجی دھرنوں کا اعلان کر دیا۔ موقف اختیار کیا گیا ہے حکومت کی وجہ سے مڈل مین اور آڑھتیوں نے کاشتکاروں کا استحصال کر کے اپنی تجوریاں بھر نا شروع کر دی، کسانوں کا استحصال بند نہ ہوا تو آئندہ برس گندم کاشت نہیں کریں گے، فصل کاشت نہ ہو سکی تو ملک میں غذائی بحران آ سکتا ہے۔