جامعہ زرعیہ 194ملین کی لاگت سے سولر پاور لگا رہی ہے ،ترجمان جامعہ زرعیہ

جمعرات 25 اپریل 2024 12:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) جامعہ زرعیہ فیصل آباد194ملین کی لاگت سے یونیورسٹی اور ہاسٹلزمیں سولر پاور لگا رہی ہے جبکہ پنشن کا نیا سی پی ایف سسٹم بھی نافذ کر دیا گیا ہے نیزوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خاں کی سربراہی میں یونیورسٹی طلبا، کیمپس اور کاشتکاروں برادری کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے یہی نہیں بلکہ یونیورسٹی داخلوں کے وقت دیہی علاقوں کے طلباکو ترجیح دیتی ہے تاکہ وہ تعلیم کی تکمیل کے بعد اپنے علاقوں کی ترقی کے ضامن بن سکیں۔

(جاری ہے)

ترجمان جامعہ زرعیہ نے بتایا کہ موجودہ معاشی حالات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کی وجہ سے غربت میں جکڑے طلباکی مالی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے یونیورسٹی نے 7 ہزار سے زائد مستحق اور ذہین طلبا میں وٖظائف تقسیم کئے ہیں تاکہ وہ علم کی تشنگی کو مٹاتے ہوئے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھ سکیں۔انہوں نے بتایا کہ جامعہ کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی نے رواں مالی سال کیلئے ترمیم شدہ 8.417بلین غیرترقیاتی بجٹ، 13بلین کے ترقیاتی بجٹ، 50ملین روپے واٹرمینجمنٹ، 267ملین بورے والا کیمپس اور 28.725ملین فنانشل اسسٹنس بجٹ کی سفارشات منظور کی ہیں جنہیں حتمی منظوری کیلئے سنڈیکیٹ اور سینیٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔