محکمہ خوراک کی گندم کی خریداری مہم کے آغاز کے باعث تقرر وتبادلوں پر پابندی عائد

جمعرات 25 اپریل 2024 12:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) محکمہ خوراک پنجاب نے گندم کی خریداری مہم کے آغاز کے باعث تقرر وتبادلوں پر پابندی عائد کردی ہے اور کہا ہے کہ گندم کے393 خریداری مراکز پر عملہ کی تعیناتی کے باعث ہر قسم کی ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائد ہوگی اور یہ حکم فوری طور پر لاگو ہوکر اس وقت تک نافذ العمل رہے گا جب تک صوبہ بھر میں سرکاری سطح پر گندم کی خریداری مہم مکمل نہیں ہوجاتی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹوریٹ فوڈ فیصل آباد ڈویژن کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ فیصل آباد، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، راولپنڈی ڈویژنز میں محکمہ خوراک کے پاس وافر سٹاف موجود ہے لہٰذا اگرخدانخواستہ ساہیوال، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان ڈویژنز میں قائم کئے گئے محکمہ خوراک کے ویٹ پروکیورمنٹ سنٹرز پر عملہ کی کمی محسوس ہوئی توقانون میں نرمی کرکے درج بالا ڈویژنز سے عارضی طور پر سٹاف وہاں تعینات کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی خریداری مہم کی نگرانی کیلئے سپیشل ٹیمز تشکیل دی گئی ہیں جو کسانوں کی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں گی۔