کلین سوئپ شکست،ویمنز ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں بڑی تبدیلیاں

پی سی بی چیئرمین نے تشکیل نو کرتے ہوئے اراکین کی تعداد بڑھادی

جمعرات 25 اپریل 2024 12:11

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم گرائونڈ پر کلین سوئپ شکست کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ویمنز ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں بڑی تبدیلیاں کردیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کہا گیا ہے کہ اسماویہ اقبال اور مرینہ اقبال کے علاوہ مینز سلیکشن کمیٹی کے اراکان سابق کرکٹر عبدالرزاق، اسد شفیق اور بتول فاطمہ سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گی، اسی طرح ہیڈکوچ اور کپتان بھی اسی کمیٹی کے رکن ہوں گے۔

(جاری ہے)

نئی سلیکشن کمیٹی کا فوری کام آئندہ دورہ انگلینڈ کے لئے پاکستان ویمنز ٹیم کا انتخاب کرنا ہوگا، جہاں وہ 11سے 29مئی تک 3ٹی ٹونٹی اور آئی سی سی ویمنز چمپئن شپ 2022-25 کے 3 میچز کھیلے گی۔دوسری جانب ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ہوم گرانڈ پر کلین سوئپ شکست کے باوجود آئی سی سی ویمن چمپئن شپ 2022-25میں پانچویں پوزیشن پر موجود ہے، اس چمپئن شپ کی ٹاپ پانچ ٹیمیں، میزبان بھارت کے ساتھ، براہ راست آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ 2025کے لئے کوالیفائی کریں گی جبکہ بقیہ ٹیمیں ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں حصہ لیں گی۔