Live Updates

رانا ثنا اللہ ڈیل کا مشورہ نہ دیں، پی ٹی آئی ڈیل نہیں کریگی‘ڈاکٹر یاسمین راشد

(ن) لیگ کے لیڈر رہائی کیلئے ڈیل کرتے ہیں ،ہمیں ڈیل کرنی ہوتی تو اب تک رہا ہو چکے ہوتے پولیس یونیفارم پہننے پر مریم نواز کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے‘عدالت میں پیشی پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

جمعرات 25 اپریل 2024 15:41

رانا ثنا اللہ ڈیل کا مشورہ نہ دیں، پی ٹی آئی ڈیل نہیں کریگی‘ڈاکٹر یاسمین ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ ہمیں ڈیل کا مشورہ نہ دیں، پی ٹی آئی ڈیل نہیں کرے گی ،(ن) لیگ کے لیڈر رہائی کے لئے ڈیل کرتے ہیں ،ہمیں ڈیل کرنی ہوتی تو اب تک رہا ہو چکے ہوتے،پولیس یونیفارم پہننے پر مریم نواز کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

پولیس کی یونیفارم پہننا جرم ہے جس کی قانون میں سزا ہے۔انسداد دہشتگردی عدالت میں پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے لیڈر رہائی کے لئے ڈیل کرتے ہیں پی ٹی آئی ڈیل نہیں کرے گی، رانا ثنا اللہ ہمیں ڈیل کا مشورہ نہ دیں، ہم تمہاری طرح نہیں ہیں، ہمیں ڈیل کرنی ہوتی تو اب تک رہا ہو چکے ہوتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میری ضمانت کی درخواستوں پر پراسیکیوشن کارروائی نہیں ہونے دے رہی، کئی ماہ سے میری ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ نہیں ہو رہا۔انہوں نے کہا کہ صنم جاوید اور عالیہ حمزہ نے پی ٹی آئی کو چار چاند لگا دیئے ، وہ مزاحمت کی علامت بن گئی ہیں، جیل کی سختیاں ان کا جذبہ کم نہیں کر سکیں، انہوں نے سیاسی ظلم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، صنم جاوید آج بھی سرگودھا جیل سے مسکراتی ہوئی عدالت میں پیش ہوئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں یاسمین راشد نے کہا کہ مریم نواز آپ کو مبارک ہو آپ پولیس میں بھرتی ہو گئی ہیں لیکن اگر آپ بھرتی نہیں ہوئیں تو پولیس کی یونیفارم پہننا جرم ہے جس کی قانون میں سزا ہے، مریم نواز کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے، آئی جی پنجاب اس غفلت کا ذمہ دار ہے، جو بندہ پولیس میں نہ ہو اور یونیفارم پہنے وہ جرم کرتا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات