سیلاب کے دوران امداد کی فراہمی میں یواین ڈی پی کاکرداراہمیت کاحامل رہا، پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں پرعزم ہیں ، احدخان چیمہ

جمعرات 25 اپریل 2024 16:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) وفاقی وزیراقتصادی اموراحدخان چیمہ نے 2022 کے سیلاب کے دوران امداد کی فراہمی اور انٹرنیشنل پارٹنرز سپورٹ گروپ کے تعاون میں اقوام متحدہ کے ترقیاتی ادارہ یواین ڈی پی کے کردار کوسراہتے ہوئے کہاہے کہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں پرعزم ہے۔انہوں نے یہ بات جمعرات کویہاں اقوام متحدہ نائب سیکرٹری جنرل برائے ایشیاو بحرالکاہل کنی وگناراجا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم اور وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ملک مختار احمد بھرتھ، یو این ڈی پی کے ریزیڈنٹ نمائندہ سیموئل رزک، ڈی آر آر وان نگیوین، اے آر آر رانا قیصر اور وزارت اقتصادی امور کے سینئرحکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

احدخان چیمہ نے پاکستانی عوام کی گرانقدر حمایت اور مدد پرریجنل ڈائریکٹر یو این ڈی پی کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان اوربالخصوص 2022 کے سیلاب کے دوران اہمیت کے حامل امداد کی فراہمی اور انٹرنیشنل پارٹنرز سپورٹ گروپ کی حمایت کے حصول میں یواین ڈی پی کے کردارکی بھی تعریف کی۔ وفاقی وزیرنے کہاکہ پاکستان کی حکومت پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مالیاتی فرق کو پورا کرنے کے لیے یو این ڈی پی کے مسلسل تعاون کامتمنی ہے۔ یواین ڈی پی کی اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل نے غربت میں کمی، موسمیاتی تبدیلیوں، مالیاتی آلات اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کو آگے بڑھانے جیسے ترقیاتی امور میں مضبوط شراکت داری اور تعاون پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے حکومت پاکستان اور یو این ڈی پی کے درمیان مذکورہ شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیااور موسمیاتی تبدیلیوں اور سماجی شعبے میں جدید فنانسنگ آلات کی تلاش میں اقتصادی امور کی وزارت کے ساتھ تعاون میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وزیر اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلیو ماحولیاتی کوآرڈینیشن اور وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے نیشنل ہیلتھ سروسز نے پولیو ورکرز کی استعداد کار میں اضافے کے لیے یو این ڈی پی اور حکومت پاکستان کے درمیان تعاون کی ضرورت پرزوردیا ۔

انہوں نے ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی زیرالتواء مردم شماری میں بھی یواین ڈی پی کی معاونت کی اہمیت کواجاگرکیا۔ وفاقی وزیر نے مہمان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ پائیدارترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے بجٹ کے علاوہ دیگرمنصوبوں کی بہتر عکاسی اوریواین ڈی پی اور قومی ترقی کے مقاصد کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے۔