کراچی ،آئی جی سندھ کی ہدایات پر ایکشن،جرائم میں ملوث34افسران و اہلکار معطل

معطل ہونے والوں میں تین ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں،آئی جی سندھ کی بنائی گئی ٹاسک فورس کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے حکام نے 18 تھانوں کے ہیڈ محررز بھی معطل کردئیے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 25 اپریل 2024 16:47

کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 اپریل2024 ء) کراچی میں جرائم میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف ایکشن،34 افسران اور اہلکاروں کو معطل کردیاگیا،معطل ہونے والوں میں تین ایس ایچ اوز بھی شامل ہیں،آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی بنائی گئی ٹاسک فورس کی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے حکام نے 18 تھانوں کے ہیڈ محررز بھی معطل کردئیے گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تمام اہلکاروں کو بلیک کمپنی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تمام افسران واہلکار کل سے گارڈن ہیڈکوارٹرز میں رپورٹ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے منظم جرائم میں ملوث افسران اور اہلکاروں کے خلاف ایکشن لے لیا۔ آئی جی آفس سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق معطل شدگان افسران میں ایس ایچ او سرجانی ٹاون محمد طفیل، ایس ایچ او عوامی کالونی مظہر اعوان، ایس ایچ او مدینہ کالونی ناصر محمود شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق منظم جرائم کی سرپرستی کا الزام اور کرائم کنٹرول کرنے پرناکامی پر اعلی افسران نے ایکشن لیتے ہوئے بعض اہلکاروں کے خلاف خفیہ انکوائریوں کے بعد کارروائی کی گئی ہے۔

معطل شدگان افسران و اہلکاروں کے طرز عمل کی انکوائری زیرالتوا ہے، انہیں مروجہ قوانین کے تحت معطلی کے دوران پولیس افسران واہلکاروں کی تنخواہ اور دیگر الاونس ملتے رہیں گے۔آئی جی سندھ کی ہدایت پر معطل افسران و اہلکاروں میں متعدد اے ایس آئی، ہیڈ کانسٹیبل اور سپاہی بھی شامل ہیں۔یہ بھی بتایاگیا ہے کہ معطل ہونے والوں میں ایس ایچ اومدینہ کالونی، ایس ایچ او عوامی کالونی شامل ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل کراچی کی مقامی عدالت نے اورنگی ٹاو¿ن کے علاقے بلدیہ میں تاجر کے گھر ڈکیتی کرنے والے مفرور پولیس اہلکاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے تھے، عدالت نے تمام ملزمان کو 27 اپریل تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔