Live Updates

وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کمیٹی روم میں اجلاس کا انعقاد

جمعرات 25 اپریل 2024 20:42

وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔آئی جی پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں پولیس، پراسیکیوشن میں بہتری کے لئے اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے لئے اب کوئی جگہ نہیں،کچے میں پوری قوت سے گینگ کا خاتمہ کیا جائے گا،کچے کے ڈاکوئوں کے لئے کوئی رحم اور نرمی نہیں،کچے کے علاقے میں آپریشن کے لئے جدید ترین آلات اور اسلحہ دیں گے۔وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ پولیس کو پورے وسائل مہیا کریں گے،کرائم کو ہر صورت میں ختم کرنا ہے،اہم پوسٹنگ صرف ایماندار اور بہادر پولیس افسروں کو دی جائے،پولیس کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کے لئے خصوصی سیل بنایا جائے،پڑھے لکھے نئے نوجوانوں کو انویسٹی گیشن آفیسر لگایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ منشیات پر زیروٹالرنس ہے،سپیشل فورس بھی بنائیں گے،منشیات کے لین دین میں ملوث ہرچھوٹے بڑے شخص پر بلا جھجک ہاتھ ڈالیں۔وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سماج دشمن عناصر کی نشاندہی کے لئے کومبنگ آپریشن جاری رکھا جائے،کیمروں سے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا دائرہ کار پورے لاہور تک وسیع کیا جائے،قوانین کے نفاذ میں کمی نہیں برداشت کی جائے گی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، ہوم سیکرٹری،آئی جی،ایڈیشنل آئی جی اور دیگر حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات