اساتذہ کو معاشر ے میں باوقار مقام دیئے بغیر ملک میں میعاری تعلیم کا فروغ ممکن نہیں،سی ای او ایجوکیشن سیالکوٹ

جمعرات 25 اپریل 2024 20:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی سیالکوٹ جاوید اقبا ل بابرنے کہا ہے کہ اساتذہ کو معاشر ے میں باوقار مقام دیئے بغیر ملک میں میعاری تعلیم کا فروغ ممکن نہیں ، اسلامی تعلیمات کے مطابق اساتذہ کو باعزت اور باوقار حیثیت دلانے کے لیے حکومت سمیت معاشرے کی تمام اکائیوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا کیونکہ اساتذہ معاشرے کی نظریاتی اور علمی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔

اِن خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ماڈل پرائمری سکول کاہلیاں کے صدر مدرس چوہدری فقیر عالم طاہر کے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے اُن کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔اس موقع پر پاکستان کونسل فار سوشل ویلفیئر اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئر مین اور اقوام متحدہ کے لیے مستقل مندوب محمد اعجازنوری، آزاد کشمیر کے سابق وزیر جیل خانہ جات چوہد ری محمد اسحاق، سابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر عطا الہی چوہدری، ڈسٹر کٹ ایجوکیشن آفیسر ایلمینٹری مجاہد حسین علوی، ڈپٹی ڈی ای او اکبر گھمن ، اساتذہ، معززین علاقہ اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد موجود تھے۔

(جاری ہے)

مقررین نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی سطح پر نوجوانوں خصوصا طلبا ءکی نظریاتی و فکری تربیت اور قومی اداروں کی مضبوطی ہی سے دیرپاءترقی کے اہداف کے حصول اور پاکستان کو قائداعظم کے ویژن کے مطابق ایک حقیقی خود مختاراور فلاحی ریاست بنایا جا سکتا ہے۔ معیاری تعلیم اور عالمی سطح پر رونما ہونے والے جدید رجحانات کو اپنا کر پاکستان کو نہ صرف ایشین ٹائیگر بنایا جا سکتا ہے بلکہ عالمی سطح پر ایک ترقی یافتہ ملک کے طور پر منوایا جا سکتا ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کی نظریاتی تربیت اور اُن کی اخلاقی و قومی سمت درست کر کے پاکستان میں دیرپا ترقی اور قیام امن کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نئی نسل شراکت داری ، خود انحصاری ، خود اعتمادی اور لگن کو اپنا شعار بنا کر اپنی انفرادی اور قومی ترقی میں اپنا فعال کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس موقع پر چوہدری فقیر عالم طاہر کو تحائف پیش کیے گئے اور اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔