اراکین پارلیمنٹ کے نام ای سی ایل اور بلاک لسٹ میں ڈالے جانے پر سوال اٹھانے والوں کو اپنے دور میں بھی آواز اٹھانی چاہئے تھی، آغا رفیع اللہ

جمعرات 25 اپریل 2024 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2024ء) پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے کہا ہے کہ جو لوگ آج اراکین پارلیمنٹ کے نام ای سی ایل اور بلاک لسٹ میں ڈالے جانے پر سوال اٹھا رہے ہیں انہیں اپنے دور میں بھی آواز اٹھانی چاہئے تھی۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں آغا رفیع اللہ نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین کے نام ای سی ایل میں نہیں ڈالے جانے چاہئیں تاہم بدقسمتی سے اس معاملے پر آواز اٹھانے والے جب حکومت میں تھے تو محسن داوڑ اس وقت ہر ایئر پورٹ پر دھکے کھا رہا تھا اس وقت یہ احساس کر لیتے تو آج انہیں یہ دن نہ دیکھنا پڑتا، ہمیں تمام پارلیمان کے ممبران کو ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہئے۔

اگر ہم ایک دوسرے کا احترام نہیں کرینگے تو ایسے ہی مسائل کا سامنا رہے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کے حلقے میں ماہی گیروں کی کشتی کے حادثے میں 14 افراد جاں بحق ہوئے میں نے ان کو معاوضے کی ادائیگی کیلئے وزیراعظم کو خط ارسال کیا تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کیلئے 10 لاکھ اور بچ جانے والوں کیلئے دو لاکھ روپے کا اعلان کیا ،ان ماہی گیروں کا پاکستان کی معاشی ترقی میں نمایاں کردار ہے، ماہی گیروں کی ای او بی آئی میں رجسٹریشن کے احکامات پر عمل نہیں ہو سکا، اس حوالے سے رولنگ دی جائے کہ اس پر عملدرآمد ہونا چاہئے۔