پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچواں اور آخری ٹی20 میچ ہفتہ کو قذافی سٹیڈیم لاہورمیں کھیلا جائے گا

جمعہ 26 اپریل 2024 09:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل سیریز کا پانچواں اور آخری میچ کل (بروزہفتہ )قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کے چار ٹی ٹونٹی میچز کھیلے جاچکے ہیں جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-2 ہے ۔

مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو پاکستان کے خلاف 1-2 کی برتری حاصل ہے۔پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹی ٹونٹی میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا،دوسرے میچ میں پاکستان نے مہمان نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی ، تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا تھا تاہم چوتھے میچ میں کیوی ٹیم نے ایک بار پھر میزبان گرین شرٹس کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دے کر 1-2 کی برتری حاصل کرلی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستانی ٹیم ہفتہ کو مایہ ناز بیٹر بابر اعظم کی زیر قیادت میدان میں اترے گی ،سکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں میں ابرار احمد ، اعظم خان ، فخر زمان ، افتخار احمد ، عماد وسیم ، محمد عباس آفریدی ، محمد رضوان ، محمد عامر ، محمد عرفان خان ، نسیم شاہ ، صائم ایوب ، شاداب خان ، شاہین شاہ آفریدی ، اسامہ میر ، عثمان خان اور زمان خان شامل ہیں ۔

نیوزی لینڈ ٹیم کو مائیکل بریسویل لیڈ کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں ٹام بلنڈل ، ٹم سیفرٹ ، فن ایلن ، مارک چیپمین ، جوش کلارکسن ، ڈین فوکس کرافٹ ، کول میک کونچی ، جیمز نیشم ، جیکب ڈفی ، بین لسٹر ، ولیم او روک ، بین سیئرز ، ایش سودھی ، ایڈم ملن ، زیکری فوکس اور ٹم روبنسن شامل ہیں ۔ پاکستان کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں پلڑا بھاری ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق دونوں ٹیمیں اب تک 42 میچ کھیل چکی ہیں، 22 میں پاکستان فاتح رہا ،19 میچ نیوزی لینڈ نے جیتے جبکہ 2 میچ بے نتیجہ رہے ۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری میچ 27 اپریل کو کھیلا جائے گا ۔پاکستان ٹیم کو سیریز برابر کرنے کے لئےآخری میچ جیتنا لازمی ہوگا۔ \932