Live Updates

پنجاب کی زرعی پیداوار اور کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے نیدرلینڈز کے تجربے سے فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں، مریم نوازشریف

جمعہ 26 اپریل 2024 23:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف سے پاکستان میں ہالینڈ کی سفیر ہینی ڈی وریس نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور، ہالینڈ اور پنجاب کے درمیان دوطرفہ تعلقات بڑھانے پر گفتگو کی گئی۔ہینی ڈی وریس نے پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلی منتخب ہونے پر مریم نواز کو مبارکباد دی۔ ملاقات میں تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ کا امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلی مریم نواز نے ڈچ کمپنیوں اور سرمایہ کاروں کو صوبے میں کاروباری مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ نیدرلینڈز کے جدید زرعی طریقہ زراعت اور ٹیکنالوجیز سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ فصلوں کی کاشت، آبپاشی کی تکنیک، اور زرعی مشینری جیسے شعبوں میں نیدرلینڈز سے تعاون کے خواہاں ہیں۔

(جاری ہے)

پنجاب کی زرعی پیداوار اور کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے نیدرلینڈز کے تجربے سے فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آبی وسائل کو بہتر طور پر منظم کرنے، سیلاب کو کم کرنے اور پانی کا معیار بہتر بنانے میں نیدرلینڈز کی ٹیکنالوجیکل مدد چاہتے ہیں۔ فلوریکلچر، سبزیوں، فصلوں کے معیار اور پیداوار کو بہتر بنانے کے لیے نیدرلینڈز کے تجربے سے فائدہ حاصل کر سکتے ہیں۔ وزیر اعلی مریم نواز نے کہا کہ طلبا وفود کے تبادلے کو فروغ دینے اور مشترکہ تحقیقی پروگرام شروع کرنے کے خواہاں ہیں۔ پنجاب کے قابل تجدید توانائی کے شعبے کو ترقی دینے اور فوسل فیول پر انحصار کم کرنے میں نیدرلینڈز کے تجربے سے فائدہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات