صحتمند معاشرے اور بیماریوں کو جڑ سے اکھارنے کیلئے شعبہ صحت میں تحقیق انتہائی ضروری ہے،غلام علی

دنیا میں عالمی طبی چیلینجز سے نمٹنے کیلئے شعبہ صحت میں جدید تحقیق کو فروغ دینا ہو گا، گورنر خیبر پختونخوا کارحمان میڈیکل کالج انسٹیٹیوٹ حیات آباد میں عالمی کانفرنس برائے ہیلتھ ریسرچ 2024سے خطاب

جمعہ 26 اپریل 2024 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) گورنرخیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے کہاہے کہ صحتمند معاشرے اور بیماریوں کو جڑ سے اکھارنے کیلئے شعبہ صحت میں تحقیق انتہائی ضروری ہے، دنیا میں عالمی طبی چیلینجز سے نمٹنے کیلئے شعبہ صحت میں جدید تحقیق کو فروغ دینا ہو گا،رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ نے بلاشبہ اس خطے میں شعبہ طب میں بہتری کیلئے تحقیق پر قابل عمل کام کیا ہے۔

آر ایم آئی خیبرپختونخوا کا نامور طبی ادارہ ہے جس کی مقبولیت پورے ملک میں ہے۔انہوں نے طبی شعبہ میں تحقیق سے متعلق عالمی کانفرنس کے انعقاد پر آر ایم آئی کے چیئرمین ڈاکٹرمحمدرحمان اور انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیااوراس امید کااظہارکیا کہ یہ کانفرنس طبی شعبہ میں بہتری کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعہ کے روز رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ حیات آباد میں عالمی کانفرنس برائے ہیلتھ ریسرچ 2024سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس کے شرکاء میںچیئرمین آرایم آئی پروفیسر ڈاکٹرمحمدرحمان،سی ای او شفیق الرحمان، سی او او کرنل (ر) محمد طارق خان، پرنسپل آر سی ڈی ڈاکٹر غلام رسول،چیئرمین ائی سی ایچ ار ڈاکٹر نصیر احمد اور ایسوسی ایٹ ڈین آر ایم ائی ڈاکٹر اقبال واحدشامل تھے۔تین روزہ کانفرنس میں عراق، ایران، صومالیہ، قطر سمیت دیگر ممالک کے ریسرچرز بھی شرکت کررہے ہیں۔

گورنر خیبر پختونخوا نے افتتاح کے موقع پر تحقیقی مقالوں سے مزئین سٹالز، سائنٹیفک کیفے، ریسرچ کارنر اور ورکشاپس کا دورہ بھی کیا اور طلباء سے گفتگو کی اور انکی کاوشوں کو سراہا۔ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے نوجوان میڈیکل اسٹوڈنٹس کو بھی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ طبی شعبہ میں تحقیق میں اپنا نام پیدا کریں۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر محمد رحمان نے اس خطے میں جدید تحقیق کو پروان چڑھانے کے لیے گراں قدر خدمات دی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ گذشتہ برس بھی رحمان کالج آف ڈینٹسٹری نے میگا ریسرچ ایونٹس اوراسی طرز کی عالمی ریسرچ کانفرنس کا انعقاد کیا تھا جو کہ شعبہ صحت میں تحقیق کو فروغ دینے سے متعلق رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ کی سنجیدہ کاوشوں کاثبوت ہے۔گورنرنے کہاکہ اس طرح کے سیمینار سے طلباء ، ینگ ڈاکٹرز اپنے سینئر ڈاکٹرز کے تجربات سے مستفیدہوکرشعبہ طب میں مزید بہتر انداز سے خدمات سرانجام دے سکیں گے ۔

انہو ںنے کہاہمارے صوبہ کے نوجوان صلاحیتوں کے اعتبار سے کسی کم نہیں اور جدید ریسرچ کے ذریعے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آئیگا اور پروفیسر ڈاکٹرمحمدرحمان کی طرح دنیامیں اپنا نام پیدا کرسکیں گے۔اس موقع پر چیئرمین رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ ڈاکٹرمحمدرحمان اور سی ای او ڈاکٹرشفیق الرحمان نے کانفرنس سے خطاب میں گورنرکا بطور مہمان خصوصی شرکت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ آئی سی ایچ آر اپنی نوعیت کی پہلی عالمی کانفرنس ہے جس میں صحت کے تمام شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے ماہرین طب ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہورہے ہیں جس کا مقصد صحت کے شعبے میں جدید ریسرچ کوتقویت دینا اورنئے راستوں کو تلاش کرناہے۔

انہوں نے کہاکہ کانفرنس میں 800 سے زیادہ محققین شرکت کررہے ہیں اوریہ کانفرنس تین روز تک جاری رہے گی جس میں 30 سے زیادہ ورکشاپس منعقد کی جائیںگی ۔اس موقع پر چیئرمین رحمان میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹرمحمدرحمان نے گورنرخیبرپختونخوا کو کانفرنس میں شرکت کرنے پر خصوصی سوینئر پیش کیا اور شکریہ بھی ادا کیا۔