ڈیجیٹل آپریٹرجاز کی ہزاروں طلباء کو انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے میں مدد

جمعہ 26 اپریل 2024 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) ڈیجیٹل آپریٹرجاز ملک کے سب سے بڑے نجی ملکیت والے روایتی سکولوں کے نیٹ ورکس دی سٹیزنز فاؤنڈیشن (ٹی سی ایف ) کے تعاون سے ہزاروں طلباء کو انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی(آئی سی ٹی ) کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کر رہا ہے، تعلیم حاصل کرنے والے ہزاروں نوجوان طالب علموں میں نصف سے زیادہ تعداد طالبات کی ہے۔

ڈیجیٹل لرننگ پروگرام (ڈی ایل پی ) کے سلسلے میں ہونے والی اس شراکت داری کا مقصد طالب علموں کونو عمری میں ہی ضروری ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ وہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن میں اہم کردار ادا کر سکیں۔ یہ پروگرام پاکستان بھر میں 1,600سے زائدٹی سی ایف سکولوں کو معاونت کرتا ہے جس سے 180,000 سے زائد طلباء پہلے ہی مستفید ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ پروگرا م خواتین اساتذہ کی تربیت پر بھی توجہ مرکوز کرتا ہے اور اب تک ہزاروں سے زائد اساتذہ کو جدید ترین آئی سی ٹی ٹولز پر تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔

انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجی میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالنے کے حوالے سے منعقدہ دن اور جاز کے نوجوانوں کو ڈیجیٹل طور پر بااختیار بنانے کے عزم کی تویثق کرتے ہوئے، جاز ملازمین نے ڈیجیٹل لرننگ پروگرام سے حاصل کردہ تجربات کو دیکھنے کے لئے ٹی سی ایف طلباء کے ساتھ دن گزرا۔ گفتگو کے دوران اسکول کی طالبات نے اپنی جدوجہدکا اظہار کرتے ہوئے جاز ٹیم سے رہنمائی حاصل کی۔

مزید برآں، طلباء اور اساتذہ نے ڈی ایل پی لیب سے حاصل ہونے والے تجربات کو بیان کیا۔ جاز کے چیف کارپوریٹ اینڈ ریگولیٹری افیئرز آفیسر سید فخر احمد نے کہا "جاز خواتین کو با اختیار بنانے اور اپنی تکنیکی صلاحیتوں اور وسیع نیٹ ورک کو بروئے کار لاتے ہوئےICT میں صنفی عدم مساوات کو دور کرنے کے کے لیے کوشاں ہے اور اس تعاون کے ذریعے، ڈیجیٹل لرننگ پروگرام ذہن سازی میں انقلاب برپا کر رہا ہے،اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹی سی ایف کے سی ای او سید اسد ایوب احمد نے کہا کہ ہمارا مقصد پسماندہ علاقے کے بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی فراہم کرنا ہے جس کے لئے جاز بھر پور انداز سے ڈیجیٹل لرننگ پروگرام (ڈی ایل پی ) کے ذریعے معاونت فراہم کر رہا ہے۔

یہ جامع ڈیجیٹل اقدام نصاب کے ڈیزائن سے لے کر سافٹ ویئر اور ہارڈویئر سپورٹ تک مکمل ہم آہنگی فراہم کرتا ہے، جو ذہن سازی میں مثبت تبدیلی لاتا ہے۔ اب، پہلے سے کہیں زیادہ لڑکیاں آئی سی ٹی کے مختلف شعبوں میں کیریئر بنانے کی خواہاں ہیں، جو ڈیجیٹل مستقبل کی ذمہ داری سنبھالنے کے لئے تیار ہیں۔ ڈیجیٹل لرننگ پروگرام (DLP) جیسے منفرد اقدامات کے ذریعے،جازخواتین کو بااختیار بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر کام کرتا ہے۔ ویمن ان سوشل انٹرپرینیورشپ کے اقدام سے لے کر جازرورل ڈیٹا ایجوکیشن پروگرام، ڈیجیٹل پاکستان ٹیک فیلوشپ پروگرام، اور مؤثر JAZZ-GSMA کنیکٹڈ ویمن پارٹنرشپ جاز خواتین کو بااختیار بنانے اور ڈیجیٹل شعبہ میں صنفی مساوات کو آگے بڑھانے کے لئے پر عزم ہے۔