پاکستانی سفیر صائمہ میمونہ سید نے گیمبیا کے صدرکو اپنی اسناد سفارت پیش کیں

ہفتہ 27 اپریل 2024 14:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) سینیگال میں پاکستان کی سفیر صائمہ میمونہ سید نے گیمبیا کے صدر ایڈاما بیرو کو اپنی سفارتی اسناد پیش کیں۔ہفتہ کو یہاں موصول ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سفیر صائمہ میمونہ سید گیمبیا میں پاکستان کی غیر رہائشی سفیر کے طور پر خدمات سر انجام دیں گی ۔ اسناد سفارت پیش کرنے کی تقریب میں تعارفی سیشن کے دوران انہوں نے پاکستان اور گیمبیا کے درمیان برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی اسلامی سربراہی کانفرنس کے آئندہ 15ویں اجلاس کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے گیمبیا کے دارالحکومت بنجول میں 4-5 مئی 2024 کو منعقد ہونے والے اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے گیمبیا کے طے شدہ دورہ کے پروگرام سے چند روز قبل پاکستانی سفیر نے اپنی اسناد سفارت پیش کی ہیں۔

(جاری ہے)

دفتر خارجہ کے مطابق سربراہی اجلاس میں وزیراعظم عالمی برادری اور بالخصوص مسلم دنیا کی طرف سے غزہ میں نسل کشی پر پاکستان کی شدید تشویش کا اظہار کریں گے، ان کے حق خودارادیت کی وکالت کریں گے اور یکجہتی کی ضرورت پر زور دیں گے، اس کے علاوہ اسلامو فوبیا، دہشت گردی اور درپیش چیلنجز پر غور کیا جائے گا۔ اپنے دورہ کے دوران وزیر اعظم سربراہی کانفرنس میں شرکت کرنے والے عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔