بھارتی وزیراعظم نریندرمودی انتخابات کے ممکنہ نتائج کے حوالے سے گھبراہٹ کا شکار ہیں، راہول گاندھی

ہفتہ 27 اپریل 2024 14:46

وجے پورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی لوک سبھا(ایوان زیریں بھارتی پارلیمنٹ) انتخابات کے ممکنہ نتائج کے حوالے سے شدیدگھبراہٹ کا شکار ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی تقاریر سے صاف دکھائی دیتا ہے کہ وہ نروس ہیں اور ممکن ہے کہ چند دنوں میں ان کی آنکھوں سے آنسو نکل آئیں۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہول گاندھی نے ریاست کرناٹک کے شہری بیجا پور میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کچھ لوگوں کوارب پتی بنا یا لیکن اگر کانگریس اقتدار میں آئی تو کروڑوں لوگوں کو ارب پتی بنا دے گی۔ انہوں نے نریندر مودی کوتنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ غربت ، مہنگائی اور بے روزگاری جیسے سنگین مسائل پر بالکل خاموش ہیں اور چین اور پاکستان پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ راہول گاندھی نےکہا کہ مودی دور میں بیس پچیس لوگ ارب پتی بن گئے ، بنیادی ڈھانچے کے اہم منصوبے گوتم اڈانی جیسے لوگوں کو سونپے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بی جے پی پھر اقتدار میں آئی تو وہ آئین کو بھی بدل دے گی ۔