خیبر پختونخوا کے ضمنی بلدیاتی انتخابات برائے چیئرمین تحصیل کونسل کےلیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر قائم

ہفتہ 27 اپریل 2024 15:01

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 28 اپریل کو ہونے والے خیبرپختونخوا ضمنی بلدیاتی انتخابات برائے چیئرمین تحصیل کونسل میں عوام کی سہولت کے لیے الیکشن مانیٹرنگ اینڈ کنٹرول سنٹر(ای ایم سی سی)قائم کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اس سنٹر میں عوام کو الیکشن کے حوالے سے رابطہ کرنے اور اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت ہو گی۔

شکایات کے بروقت اَزالہ کے لیے فوری طور پر کارروائی کی جائے گی اور اِس مقصد کے لیے سنٹر میں تربیت یافتہ عملہ تعینات کردیا گیا ہے ۔ الیکشن کمیشن نے عوام کی شکایات کے اندراج اور ان کے فوری حل کے لیے 4 سطحوں پر کنٹرول سنٹر قائم کئے ہیں جس میں الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ اسلام آباد کے علاوہ صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کنٹرول رومز قائم کیےگئے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام مذکورہ ضمنی انتخابات کے سلسلے میں شکایات کے اندراج کے لیے ای ایم سی سی سنٹر کے عملہ سے ای میل [email protected] پربھی رابطہ کر سکتے ہیں۔ کمیشن نے عوام کی سہولت کے لیے (ای ایم سی سی)میں ایک مخصوص ہیلپ لائن کی سہولت بھی دی ہے جس کا رابطہ نمبر 051111327000 ہے۔ای ایم سی سی پولنگ کے دن اور نتائج کے موصول ہونے تک24گھنٹے کام کرے گا۔ کنٹرول سنٹر میں سوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا مانیٹرنگ کی سہولت بھی موجود ہے۔ فیکس نمبر0519204404 کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔