ریاض میں دہشت گردی میں ملوث مقامی شہری کو سزائے موت

اتوار 28 اپریل 2024 09:40

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) سعودی دارالحکومت ریاض میں دہشت گردی میں ملوث مقامی شہری نومان عافت الظفیری کو سزائے موت دے دی گئی،ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کی ٹیموں نے جنوری 2021 میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث سعودی شہری نومان عافت کو ریاض سے گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

ملزم کے خلاف دہشتگردی اور وطن سے غداری کی دفعات کے تحت مقدمہ کرمنل کورٹ میں درج کیا گیا جہاں اسے اپنی صفائی کا بھرپور موقع فراہم کیا گیا۔عدالت میں جرم ثابت ہونے پراس کے خلاف سزائے موت کا حکم صادر کیا گیا۔ابتدائی فیصلے کے خلاف اپیل دائرکی گئی جہاں جرائم کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ابتدائی فیصلے کو جاری رکھا گیا بعدازاں اعلی عدالت نے بھی سزائے موت کی توثیق کردی۔وزارت داخلہ نے کہا کہ عدالتی کارروائی مکمل کرنے کے بعد دہشتگردی اور وطن سے غداری کے جرائم میں دی جانے والی سزائے موت پر عمل درآمد کردیا گیا۔