ہرنائی واقعہ میں سیکورٹی فورسز کے بروقت جواب نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا، درچین مری

اتوار 28 اپریل 2024 17:10

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) پیمرا بلوچستان کی چیئرپرسن اور بلوچستان عوامی پارٹی کی سینئر رہنما درچین مری نے کہا ہے کہ ہرنائی میں دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہرنائی واقعہ میں سیکورٹی فورسز کے بروقت جواب نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا، معصوم جانیں بچ گئیں،پاکستان کی سیکورٹی فورسز قوم کے ساتھ مل کر بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژکرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

درچین مری نے کہا کہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ میں سیکورٹی فورسز کے بروقت جواب نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں نے سنجاوی روڈ،ہرنائی پر چلنے والی مسافر گاڑیوں کو روکنے کی کوشش کی،سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کرکے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا،جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد کو مار دیا گیا جبکہ دیگر زخمی ہوئے، معصوم جانیں بچ گئیں۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز خراج تحسین کے لائق ہیں ،بلوچستان کی عوام سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔mka