Live Updates

سینئر سیاستدان افضل حسین تارڑ انتقال کرگئے

افضل تارڑ سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اور ماضی میں دو بار رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں، رپورٹ وزیر اعظم ، مریم نواز اور مریم اورنگزیب کا افضل حسین تارڑ کی صاحبزادی سائرہ افضل تارڑ اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار

اتوار 28 اپریل 2024 18:15

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2024ء) مسلم لیگ (ن )کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سائرہ افضل تارڑ کے والد اور سینئر ساستدان افضل حسین تارڑ انتقال کر گئے۔تفصیلات کے مطابق سینئر سیاستدان افضل تارڑ حرکت قلب بند ہونے سے اتوار کو انتقال کرگئے۔افضل تارڑ سابق وفاقی پارلیمانی سیکرٹری رہ چکے ہیں اور ماضی میں دو بار رکن قومی اسمبلی رہ چکے ہیں۔

اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی کے سینئر راہنما اور سابق ایم این اے افضل حسین تارڑ کی وفات پر صاحبزادی سائرہ افضل تارڑ اور اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ افضل تارڑ کی وفات پارٹی کا بہت بڑا نقصان ہے۔وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ افضل تارڑ نہایت زیرک سیاستدان، ہمیشہ دانائی کا مشورہ دینے والے وفادار بھائی تھے۔

(جاری ہے)

شہبازشریف نے کہاکہ افضل تارڑ نہایت کھرے اور مخلوق خدا کی خدمت کرنے والے شخص تھے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بیٹی سائرہ افضل تارڑ اور دیگر اہل خانہ سے اپنے عزیز دوست کی وفات پر رنج وغم اور افسوس کرتا ہوں۔وزیراعظم شہبازشریف نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا ء کی ۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے سینئر سیاستدان افضل تارڑ کی وفات پرگہرے دکھ کا اظہار کیا اور سائرہ افضل تارڑ اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کی، مرحوم کی نماز جنازہ آبائی گاؤں کولو تارڑ میں ادا کی جائے گی۔

مریم نواز نے کہا کہ ملک وقوم، پارٹی اور علاقے کے لئے اٴْن کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے بھی پارٹی رہنما افضل تارڑ کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ افضل تارڑ صاحب کی کمی پوری نہیں ہوسکے گی، مریم اورنگزیب نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا بھی کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات