مشیر سیاحت کا بغیر پروٹوکول پولیس لائنز مانسہرہ کا اچانک دورہ اور وہاں جاری نئی بھرتیوں کا جائزہ

ئ*صوبائی حکومت میرٹ اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ زاہد چن زیب

اتوار 28 اپریل 2024 18:25

د*پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 اپریل2024ء) وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے بغیر پروٹوکول اپنی ذاتی گاڑی میں پولیس لائنز مانسہرہ کا اچانک دورہ کیا اور وہاں ایجوکیشن اینڈ ٹیسٹنگ ایوالویشن ایجنسی (ایٹا) کے زیرانتظام پولیس فورس میں نئی بھرتیوں کیلئے جمع خواہشمند نوجوانوں کے کیمپ جا کر فزیکل ٹیسٹ کے طریقہ کار اور مختلف مراحل کا جائزہ لیا۔

انہوں نے کیمپ میں جسمانی امتحان کے مراحل سے آگاہی اور منتظمین سے تفصیلات اور فیڈبیک لینے کے بعد موقع پر ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مانسہرہ سے رابطہ کرکے پولیس ٹیسٹ اور بھرتیوں سے متعلق بعض خامیوں کی نشاندھی کی اور انہیں کیمپ آکر اپنی ذاتی نگرانی میں دور کرنے، بھرتی کے تمام مراحل کو زیادہ سے زیادہ شفاف بنانے اور سیکورٹی حصار کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صوبے میں قانون اور میرٹ کی بالادستی یقینی بنانا چاہتی ہے اسلئے پولیس بھرتیوں کا بھی میرٹ پر ٹیسٹ یقینی بنایا جائے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ قابل قبول نہیں ہو گا تاکہ نہ تو ہمارے تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوانوں کا ٹیلنٹ ضائع ہو اور نہ ہی کسی کی حق تلفی ہو بلکہ میرٹ، شفافیت اور انصاف کے تمام تقاضے پورے ہوں۔

زاہد چن زیب کی ہدایات کی روشنی میں ڈی پی او مانسہرہ شفیع اللہ گنڈاپور نے اگلے ہی لمحات میں پولیس لائنز کا دورہ کیا اور ایٹا کے زیراہتمام ریکروٹنگ کیلئے جاری جسمانی ٹیسٹ کے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے مشیر سیاحت کو یقین دلایا کہ پولیس بھرتیوں کے تمام مراحل کو ہر لحاظ سے شفاف اور میرٹ کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا نیز سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔

زاہد چن زیب نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت پولیس فورس سمیت تمام شعبوں میں میرٹ اور شفافیت یقینی بنانے کے علاؤہ نوجوانوں کو پولیس فورس سمیت تمام شعبہ ہائے زندگی میں شمولیت کے یکساں مواقع دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر پولیس فورس عوام کا فخر اور اس کے جوان ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جنہوں نے ہر دم شہریوں کی جان و مال اور عزت و آبرو کا تحفظ یقینی بنایا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ خیبر پختونخوا پولیس اپنے عظیم مشن کی تکمیل کیلئے کسی دباؤ یا لالچ کو خاطر میں لائے بغیر ہمیشہ عوامی امنگوں پر پوری اتری ہے اور فرض کی خاطر بیمثال قربانیاں بھی دی ہیں۔ ڈی پی او مانسہرہ نے اس موقع پر فزیکل ٹیسٹ کیلئے آئے اُمیدواروں کو بھی یقین دلایا کہ پولیس میں بھرتی خالصتا میرٹ کی بنیاد پر ہوگی جو بھی خواہشمند تعلیم یافتہ نوجوان میرٹ پر پورا اترے گا وہ ضرور خیبرپختونخوا پولیس کا حصہ بنے گا۔