سرکاری ملازمت کا ملنا اللہ تعالیٰ کے انعامات میں سے ایک خاص انعام ہے،کمشنر

اتوار 28 اپریل 2024 22:30

گوجرانوالہ 28 اپریل (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2024ء) سب رجسٹرار اکرم گجر،جی اے آر اختر ہمایوں بٹ، تحصیلدار (سٹی) رشید الدین ڈار، سپرنٹینڈنٹ ڈی سی آفس رانا غلام فرید، نائب تحصیلدار سیف اللہ ڈھلوں، ایچ وی سی محمد پرویز، ایچ وی سی ارشاد احمد خاں، اسسٹنٹ / ڈسٹرکٹ ناظر شیخ عبدالجبار، اظہر قریشی، محمد اعظم عاصی، سینئر کلرک (محمد اکرم اور محمد آصف چیمہ) کے اعزاز میں الوداعی تقریب اور تمام ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مطاہر امین حیات وٹو نے محکمانہ خدمات کے اعتراف میں شیلڈز، تحائف پیش کیے۔

محکمانہ فرائض سے سبکدوش ہونے والے افسران و ملازمین کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر گوجرانولہ ڈویژن نوید حیدر شیرازی نے کہا کہ محکمانہ فرائض کی ایمانداری، خلوص نیت اور ذمہ داری سے ادائیگی اور سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آنے والے افسران اور ملازمین کی خدمات کو نہ صرف شہری بلکہ ادارے کبھی فراموش نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مدت ملازمت سے باعزت اور باوقار طریقے سے سبکدوش ہونے پر تمام ریٹائرڈ افسران وعملہ کو مبارکباددی اور ان کے لیے آئندہ زندگی میں اچھی صحت اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کمشنر گوجرانوالہ نے یہ بھی کہا کہ بطور ریاست کے نمائندے اور سرکاری اہلکار ہماری ذمہ داری ہے کہ سرکاری سطح پر دی جانے والی خدمات کے حصول کے لیے آنے والے شہریوں سے اچھے اخلاق اور خندہ پیشانی سے پیش آئیں، اپنی زمہداریاں اور فرائض کی ادائیگی پوری ایمانداری سے ادا کریں، سرکاری ملازمت کا ملنا اللہ تعالیٰ کے انعامات میں سے ایک خاص انعام ہے جس میں ہمیں ملک اور قوم کی خدمت کا موقع ملتا ہے۔

اگر ہم اپنی ذمہ داریاں جانفشانی اور ایمانداری سے ادا کریں گے تو اس سے نہ صرف دنیاوی بلکہ اُخروی ثمرات کے حق دار ٹھریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر محمد طارق قریشی نے کہا کہ نیکی صرف نماز کی ادائیگی، روزہ رکھنا یا زکوٰۃ ادا کرنا ہی نہیں بلکہ جو ذمہ داریاں ہم پر عائد ہیں ان کی ادائیگی اوردفاتر میں آنے والے سائلین سے ہمارا خوش اخلاقی سے پیش آنا، ان کے مسائل کو میرٹ پر حل کرنا بھی نیکی اور اللہ تعالیٰ کی نظر میں پسندیدہ اعمال میں ہے۔

دوران سروس جن افسران و ملازمین کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا انہوں نے ہمیشہ قانونی معاملات، محکمانہ امور پر درست گائیڈ کیا اور جس سے حقداران تک ان کا حق پہنچانے میں مدد ملی۔ نئے آنے والے اور ان سے جونیئر افسران و ملازمین ریٹائرڈ ہونے والوں سے سیکھیں اور قانونی معاملات میں رہنمائی لیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کو ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کسی قسم کی مدد درکار ہو تو ان کے دفتر کے دروازے ہمہ وقت ان کے لیے کھلے ہیں، انہوں نے ریٹائرڈ ہونے والے افسر سے کہا کہ وہ اپنے افسران اور ماتحت عملہ کے ساتھ رابطہ بحال رکھیں۔

تقریب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) مطاہر امین حیات وٹو نے بھی خطاب کیااور کہا کہ گوجرانوالہ میں ان کی پہلی تعیناتی ہے، یہاں دفتری عملہ اور افسران قابل، ذمہ دار اور محنتی ہیں جس کی بدولت ضلع پنجاب بھر میں ہمیشہ پہلی 5 سے 10 پوزیشنوں پر رہا ہے۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنرز (صدر میاں توصیف حسن، نوشہرہ ورکاں نوید حیدر، کامونکی خرم مختار بھنگو) اور ڈی سی دفتر کی تمام برانچوں کے انچارج افسران و عملہ شریک تھا۔

متعلقہ عنوان :