Live Updates

عوام سے کئے گئے وعدے کی تکمیل کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ‘ سیف الملوک کھوکھر

کھوکھر پیلس میں کھلی کچہری ،کارکنوں کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ محکموں کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئیں

پیر 29 اپریل 2024 11:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر و ممبر قومی اسمبلی سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے کھوکھر پیلس میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں حلقے کی عوام سمیت لاہور بھر سے کارکنوں نے شرکت کر کے اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔سیف الملوک کھوکھر کی جانب سے کارکنوں کے مسائل کے فوری حل کے لئے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں ۔

اس موقع پررکن پنجاب اسمبلی ملک شہباز کھوکھر بھی موجود تھے ۔کھلی کچہری میں آنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے ملک سیف الملوک کھوکھر نے کہا کہمیں نے انتخابات سے پہلے کہا تھا کہ کھوکھر پیلس کے دروازے کارکنان اور عوام کے لئے 24 گھنٹے کھلے ہیں ،عوام کے مسائل کو حل کرنا میری اولین ترجیح ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عہدہ سنبھالتے ہی سب سے پہلے عوام کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ،عوام سے جو وعدے کیے گئے ان کی تکمیل کے لئے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے ، ان شا اللہ بہت جلد اس کے ثمرات بھی ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے قائد نواز شریف کے خدمت کے وژن کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم سب عوام اور ملک کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب جب بھی مسلم لیگ (ن) اقتدار میں آئے ملک ترقی کی جانب گامزن ہوا اور عوام کے مسائل حل ہوئے ،وہ وقت دور نہیں جب پاکستان ایک بار پھر معاشی طور پر خوشحال ہوگا جس سے عوام کی زندگیوں میں بھی آسودگی آئے گی ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات