محکمہ زراعت کی دھان کے کاشتکاروں کوشیڈول کے مطابق منظور شدہ اقسام کی کاشت کی سفارش

پیر 29 اپریل 2024 13:22

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں دھان کے کاشتکاروں کو غیر منظور شدہ اقسام کی کاشت سے روک دیا ہے اور انہیں ہدا یت کی ہے کہ وہ ممنوعہ اقسام کی کاشت سے گریز کریں تاکہ انہیں کسی مالی نقصان کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد خالد اقبال نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے باسمتی 370، باسمتی 385،باسمتی 2000،باسمتی 515، باسمتی پاک، کرنل باسمتی، سپر باسمتی، اری6، نایاب اری 6، اری 9، کے ایس کے 133، شاہین باسمتی، کے ایس 282 وغیرہ کی اقسام کو کاشت کیلئے منظور شدہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ ساہیوال، اوکاڑہ اور ملحقہ علاقوں کیلئے باسمتی 198کی کاشت کسانوں کیلئے انتہائی فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔

انہوں نے کاشتکاروں کو مشور ہ دیا کہ وہ 20مئی سے قبل پنیری ہر گز کاشت نہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کاشتکاروں، کسانوں، ذمینداروں کی رہنمائی، مشاورت اور معلومات کی فراہمی کیلئے فری ہیلپ لائن قائم ہے لہٰذا کاشتکار کسی بھی مسئلہ کی صورت میں فری زرعی ہیلپ لائن پر صبح 9سے شام5بجے تک مفت رابطہ کر سکتے ہیں۔