ڈینگی لارواکی افزائش کی روک تھام کیلئے مائیکرو پلان پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،محمد آصف چوہدری

پیر 29 اپریل 2024 13:51

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے فیصل آبادمحمد آصف چوہدری نے تمام متعلقہ حکام،افسران و اہلکاران کو ہدایت کی کہ موسم کی تبدیلی کے باعث ڈینگی لارواکی افزائش کی روک تھام کیلئے ایف ڈی اے اور واسا کے مائیکرو پلان پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس سلسلہ میں سرویلنس کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں کوئی کوتاہی یا غفلت نہ برتی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی کا مسئلہ کسی صورت نظر انداز نہیں ہونا چاہیے نیز اس سلسلہ میں سرویلنس ٹیموں کو متحرک رکھتے ہوئے ان کی کارکردگی کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے۔انہوں نے تاکید کی کہ ایف ڈی اے اور واسا کے مرکزی اور ذیلی دفاتر کی مکمل صفائی کویقینی بنائیں جبکہ چھتوں کو خصوصی طور پر چیک کر کے کاٹھ کباڑ اور دیگر فالتو اشیا کو ٹھکانے لگائیں تاکہ کسی جگہ ڈینگی کی افزائش کے خدشات باقی نہ رہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے واسا کی ٹینکیوں،پانی کے تالابوں،پمپنگ اسٹیشنز اور دیگر مقامات پر خصوصی نظر رکھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ کسی جگہ پانی کھڑا نہ ہونے دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ڈینگی لاروا کی افزئش روکنے کے اقدامات کے ساتھ ساتھ لوگوں کی آگاہی کیلئے بھی مہم جاری رکھی جائے تاکہ اس مسئلے سے بچنے کا احساس اجاگر رہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی اقدامات پر عملدرآمد اور سرویلنس کی کارکردگی سے متعلق رپوٹس سے انہیں باقاعدگی سے آگاہ کیا جائے جبکہ اس ضمن میں ناقص کارکردگی پر قصورواروں کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :