محکمہ زراعت کی گندم کی کٹائی ،گہائی اور سنبھال سے متعلق سفارشات جاری

پیر 29 اپریل 2024 20:38

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2024ء) محکمہ زراعت نے گندم کی کٹائی، گہائی اور سنبھال سے متعلق سفارشات جاری کر دی ہیں ۔ترجمان محکمہ زراعت کے مطابق گندم کی کٹائی، گہائی اور سنبھال سب سے اہم مرحلہ ہوتا ہے جس کے دوران بے احتیاطی کرنے سے پیداوار میں 10 تا 12 فیصد تک نقصانات کا سامنا بھی کرنے کا اندیشہ موجود ہوتا ہے۔ ترجمان محکمہ زراعت پنجاب نے کہا کہ کاشتکار گندم کی بروقت سنبھال کےلئے مزدوروں،ریپر،تھریشر،ٹریکٹر ترپال یا پلاسٹک چادر اور کمبائن ہارویسٹر کا انتظام کر لیں ، اگر فصل کمبائن ہارویسٹر سے برداشت کرنی ہو تو توڑی یا بھوسہ کی سنبھال کےلئے ویٹ سٹرا چاپر کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔

کاشتکار گندم کی کٹائی سے قبل ٹیلی ویژن یا ریڈیو سے نشر ہونے والی موسمی پیش گوئی کے مطابق انتظامات مکمل کریں۔

(جاری ہے)

بارش ہونے کی صورت میں کٹائی، گہائی روک دیں اور اس وقت تک دوبارہ کٹائی کا عمل شروع نہ کریں جب تک موسم ٹھیک نہ ہو جائے اور کٹائی شدہ گندم کو چادر یا ترپال سے فوراً ڈھانپ دیں۔کٹائی کے بعد بھریاں قدرے چھوٹی باندھیں اور سٹّوں کا رُخ ایک ہی طرف رکھیں،کھلیان چھوٹے رکھیں اور اونچے کھیتوں میں لگائیں اور ان کے اردگرد کھائی ضرور بنائی جائے۔

ترجمان محکمہ زراعت نے مزید کہا کہ کاشتکار گندم کی برداشت کے دوران اگلے سال کی فصل کے بیج کی تیاری صیحح طریقے سے کریں۔انہوں نے کہا کہ فصل کو برداشت سے قبل جڑی بوٹیوں،کانگیاری اور غیر اقسام کے پودوں سے صاف کرلیں،فصل کی ہر قسم کےلئے علیحدہ کھلیان لگائیں اور ہر قسم کی گہائی سے پہلے اور بعد میں تھریشر یا کمبائن ہارویسٹر کو اچھی طرح صاف کر لیں اور پہلی ایک یا دو بوریوں کا بیج نہ رکھیں۔بیج ڈالتے وقت گندم کی قسم کا نام ضرور لکھیں اور بیج کےلئے محفوظ کئے گئے دانوں میں نمی کا تناسب 10 فیصد تک ہونا چاہیئے۔

متعلقہ عنوان :