بتایا جائے گندم امپورٹ کر کے کس نے اپنی جیبیں بھریں ‘ مسرت چیمہ

پنجاب حکومت پہلے ہی امتحان میں ناکام ہو گئی ،خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑیگا‘ سینئر رہنما پی ٹی آئی

منگل 30 اپریل 2024 12:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت کاکسانوں کے ساتھ ناروا سلوک قابل مذمت ہے ، اپنے مطالبات کے لئے احتجاج کرنے والوں پر تشدد کرنا وطیرہ بنا لیا گیا ہے ، پی ٹی آئی کسانوں کے شانہ بشانہ ہے اور ان کے حقوق کیلئے ایوانوں میں بھی بھرپور آو از بلند کی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ گندم امپورٹ کرکے خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچانے اور اپنے کسانوں کا استحصال کرنے والوں کا محاسبہ کیا جانا چاہیے ، قوم کو بتایا جائے کس نے ضرورت سے زیادہ گندم امپورٹ کر کے اپنی جیبیں بھریں ، آج کسان کی فصل کھلے کے آسمان کے نیچے پڑی ہے اور حکومت زبانی جمع خرچ میں لگی ہوئی ہے ، پنجاب حکومت اپنے پہلے ہی امتحان میں ناکام ہو گئی ہے اور اس کا خمیازہ پوری قوم کو بھگتنا پڑے گا۔