پاکستان کی معاشی ترقی میں محنت کشوں کا اہم کردارہے،بخت کا کڑ

بلوچستان حکومت مزدو کے بچوں کوتعلیم وصحت کی سہولیات فراہم کر کے ان کی فلاح و بہبود کیلئے پرعزم ہ

منگل 30 اپریل 2024 21:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) صوبائی وزیر محکمہ امور حیوانات و ترقیات ڈیری بلوچستان بخت محمد کا کڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں محنت کشوں کا اہم کردارہے ، صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میںحکومت چاہتی ہے کہ معاشی ترقی کے فوائد آبادی کے تمام طبقات بالخصوص مزدوروں کیلئے خوشحالی میں تبدیل ہوں ،آئیںہم سب محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کا عہد کریں تاکہ محنت کش طبقے کی ہر حوالے سے فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جاسکے۔

صوبائی وزیر محکمہ امور حیوانات و ترقیات ڈیری بلوچستان بخت محمد کا کڑ نے اس امرکا اظہار محنت کشوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا ہے۔ صوبائی وزیر محکمہ امور حیوانات و ترقیات ڈیری بلوچستان بخت محمد کا کڑنے کہا کہ آج دن ہمیں ان محنت کشوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے حقوق کیلئے انتھک جدوجہد کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، یہ دن نا صرف محنت کے تقدس اور وقار کی علامت ہے بلکہ یہ ملک کی معاشی ترقی میں مرکزی حیثیت رکھنے والے مزدوروں اور محنت کشوں کی اہمیت کا اعتراف ہے، آج کے دن پوری قوم محنت کش طبقے کو شاندار خراج تحسین پیش کرتی ہے اور ملک کی ترقی میں ان کے کردار اور معاونت کو سراہتی ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر محکمہ امور حیوانات و ترقیات ڈیری بلوچستان بخت محمد کا کڑ نے کہا کہ ہمارا عظیم مذہب اسلام سماجی انصاف، مساوات اور انسانی حقوق کے احترام کے اصولوں پر زور دیتا ہے، اللہ تعالی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں حکم دیا ہے کہ ہم مزدوروں کے حقوق کو انتہائی اہمیت دیں اور ان حقوق کو اپنا بنیادی فریضہ سمجھتے ہوئے ان کی انجام دہی میں کوتاہی نہ برتیں،حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں ہمیں محنت کی عظمت اور محنت کش طبقے کے حقوق کے احترام کی بے شمار متاثر کن مثالیں ملتی ہیں۔

صوبائی وزیر محکمہ امور حیوانات و ترقیات ڈیری بلوچستان بخت محمد کا کڑ نے کہا کہ اسلام نے عالمی لیبر قوانین کے نفاذ سے بہت پہلے ہی مزدوروں اور محنت کشوں کے حقوق کے حوالے سے رہنما اصول طے کر دئے تھے، اسی بنیاد پر ہم سمجھتے ہیں کہ مزدور اور آجر پیداواری عمل میں شراکت دار ہیں اور ان کا تعاون اور دوستانہ تعلق ملک کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے ضروری ہے، بلوچستان حکومت محنت کشوں کے کام کرنے اور زندگی گزارنے کے حالات کو بہتر بنانے اور ان کے اور ان کے خاندانوں کیلئے بہتر رہائش، تعلیم کی سہولیات اور صحت کا تحفظ فراہم کر کے ان کی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم ہے۔