لاہورہائیکورٹ،عدالتی احکامات کے باوجودپرویز الہی کو گرفتار کرنے پر سابق آئی جی اسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا

منگل 30 اپریل 2024 22:14

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) لاہور ہائیکورٹ نے عدالتی احکامات کے باوجود سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی کو گرفتار کرنے پر سابق آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر کو پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔ جسٹس سلطان تنویر نے پرویز الہی کی درخواست پر سماعت کی ،پرویز الہی نے عدالتی احکامات کے باوجود گرفتار کرنے پر کمشنر اسلام آباد ،سابق آئی جی اسلام آباد سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کررکھی ہے۔

دوران سماعت سابق آئی جی اسلام آباد کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا جس پر عدالت نے اظہار ناراضگی کیا اور ریمارکس دئیے کہ سابق آئی جی اسلام آباد آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوں وہ معاملے کی سنگینی کو نہیں سمجھتے انکو متعدد بار طلب کیا گیا مگر پیش نہیں ہوئے ،عدالت کے صبر کا مزید امتحان نہ لیا جائے۔

(جاری ہے)

پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ آئی جی اسلام آباد کا چارج اب علی ناصر رضوی کے پاس ہے جس پر عدالت نے کہا کہ ناصر اکبر کی ریٹائرمنٹ کا عرصہ کتنا باقی ہے جس پر پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا چھ ماہ باقی ہیں۔ عدالت نے کہا کہ انکو بتا ئوکہ اپنی ریٹائرمنٹ خراب نہ کروا لینا عدالتی احکامات سے متعلق انہیں آگاہ کرنا۔ عدالت نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی۔