کسانوں کو جانوروں کی خوراک کے لیے بغیر سود کے قرضہ مہیا کیا جائے گا، سیکرٹری لائیوسٹاک

منگل 30 اپریل 2024 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) کسان کریڈٹ کارڈ کے حوالے سے محکمہ لائیو سٹاک نے اجلاس کا انعقاد کیا۔سیکرٹری لائیو سٹاک نے اجلاس کی صدارت کی اور شرکا کو اجلاس کے مقاصد کے بارے میں آگاہ کیا۔اجلاس میں بینک آف پنجاب، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ،محکمہ زراعت، محکمہ فنانس اور لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کے نمائندگان شامل تھے۔

اجلاس میں مجوزہ کسان کارڈ کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کسان کارڈ کی مدد سے گوشت کی پیداوار بڑھانے کے لیے جانوروں کی خوراک کے لیے بغیر سود کے کسانوں کو قرضہ مہیا کیا جائے گا، اس کی بدولت جانوروں کے گوشت اور دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہو گا جو کہ ملکی معیشت کو استحکام دے گا اور بغیر سود کے قرضہ کسان کے لیے ایک راحت کاباعث بنے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکا نے محکمہ لائیو سٹاک کے اس اقدام کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اس موقع پر سیکرٹری لائیوسٹاک کا کہنا تھا کہ فارمرز کو کسان کارڈ کے ذریعے بلا سود قرضہ کی فراہمی کے لیے ایک ترقیاتی منصوبہ بنایا جائے گا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل، ڈائریکٹر جنرل توسیع، ڈائریکٹر جنرل پروڈکشن، ڈائریکٹر کمیونیکیشن اینڈ ایکسٹینشن، ڈائریکٹر پلاننگ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔