عوام کو صحت سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں عوام کی خدمت کرنا میری ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے، ڈاکٹر رخسانہ مگسی

منگل 30 اپریل 2024 21:40

گنداواہ جھل مگسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر جھل مگسی ڈاکٹر رخسانہ مگسی سے میر یوسف عزیز مگسی پریس کلب جھل مگسی بمقام گنداواہ کے عہدیداران نے انکے آفس میں ملاقات کی ،ڈی ایچ او جھل مگسی ڈاکٹر رخسانہ مگسی نے نئے زیر تعمیر آئی سی یو وارڈ بلڈنگ ، نیو ٹیکنالوجی لیب مشین ، کووڈ 19 بلڈنگ ٹراما سنٹر کا وزٹ کروایا اس موقع پر ایس ڈی او بی اینڈآر بلڈنگ محمد یونس ابڑو، نیوٹریشن آفیسر سیف اللہ ہانبھی و دیگر موجود تھے اس موقع پر ڈی ایچ او ڈاکٹر رخسانہ مگسی نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہاکہ عوام کو صحت سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت کوشاں ہیں عوام کی خدمت کرنا میری ہمیشہ اولین ترجیح رہی ہے انہوں نے نیو ٹیکنالوجی لیب مشین کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پورے بلوچستان میں یہ مشین صرف ضلع جھل مگسی کو یہ اعزاز حاصل ہے جو کہ عوام کیلئے انتھک کوششوں سے حاصل کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ضلع میں تین آر ایچ سیز جھل مگسی, بگا چانڈرمہ مصر اور احمد پور جبکہ ضلع کی 11 سیول ڈسپنسریز میں عملہ اور ادویات فراہم کرکے ان کو فعال کیا گیا ہے جس سے عوام مستفید ہورہے ہیں اور انھیں علاج معالجے کی سہولت میں آسانی میسر ہوئی ہے میری کوشش ہے کہ ٹراما سنٹر کو مکمل عملہ دیا جائے تاکہ اس کی فعالیت اور جدید میشنری سے ضلع کے عوام کو فائدہ پہنچے۔اس کے علاوہ آئی سی یو وارڈ کا تعمیری کام 90 فیصد مکمل ہوچکا ہے اور اس کیلئے طبی میشنری بھی آچکی ہے جس کو جلد فعال کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ محکمہ صحت ضلع جھل مگسی میں مانیٹرنگ کے عمل سے مثبت نتائج حاصل ہوئے ہیں۔جس سے عملے کی حاضری یقینی ہونے سے عوام کو صحت کی سہولیات فراہم ہورہی ہیں۔