اپریل بنگلہ دیش کی تاریخ میں اب تک کا گرم ترین مہینہ

DW ڈی ڈبلیو بدھ 1 مئی 2024 15:40

اپریل بنگلہ دیش کی تاریخ میں اب تک کا گرم ترین مہینہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 01 مئی 2024ء) بنگلہ دیش میں محمکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ اپریل ملکی تاریخ میں ریکارڈ کیا گیا اب تک کا گرم ترین مہینہ تھا۔ جنوبی ایشیا کا خطہ اور خاص کر بنگلہ دیش اب بھی دم گھونٹ دینے والی گرمی کی لہر کا شکار ہیں۔ وسیع سائنسی تحقیق سے پتا چلا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیاں شدید گرمی کی لہروں کے دورانیے میں طوالت، زیادہ شدت اور ان کے بار بار وقوع پذیر ہونے کا سبب بن رہی ہیں۔

پچھلے مہینے گرمی کی شدت نے بنگلہ دیشی حکومت کو ملک بھر میں اسکول بند کرنے پر مجبور کر دیا تھا، جس سے اندازاً 32 ملین طلبہ گھروں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

بنگلہ دیش کے موسماتی بیورو میں موسم کی پیش گوئی کرنے والے ایک سینئیر اہلکار محمد ابوالکلام ملک نے اے ایف پی کو بتایا، ''اس سال گرمی کی لہر نے ملک کے 80 فیصد حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

(جاری ہے)

ہم نے اس سے پہلے اتنی غیر مربوط اور وسیع گرمی کی لہریں نہیں دیکھی تھیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ 1948ء میں ''ملک میں گرم دنوں اور علاقے کی کوریج کے لحاظ سے‘‘ ریکارڈ رکھے جانے کا آغاز کرنے کے بعد سے گزشتہ ماہ بنگلہ دیش میں سب سے گرم ترین اپریل تھا۔

محکمہ صحت کے ترجمان سلیم ریحان نے اے ایف پی کو بتایا کہ حکومت نے گزشتہ دس دنوں میں ہیٹ اسٹروک سے کم از کم 11 اموات کی تصدیق کی ہے۔

ایک ہفتے کے شدید گرم درجہ حرارت کے بعد جمعرات سے ملک میں شروع ہونے والی بارشوں سے کچھ راحت ملنے کی توقع کی جا رہی ہے۔

دارالحکومت ڈھاکہ میں کئی دنوں تک درجہ حرارت چالیس ڈگری سیلسیس سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہےکہ گرمی کی شدت اپریل میں معمول کے مطابق گرج چمک کے ساتھ مون سون کی بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے بڑھ گئی ہے، جو عام طور پر موسم گرما سے پہلے اس جنوبی ایشیائی ملک کو ٹھنڈا کر دیتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش میں اپریل میں اوسطاً 130.2 ملی میٹر بارش ہوتی ہے لیکن اس اپریل میں اوسطاً ایک ملی میٹر بارش ہوئی۔ ابوالکلام ملک نے کہا کہ بیورو اس بات کی تصدیق کے لیے ڈیٹا کی جانچ کر رہا ہے کہ آیا اس سال اپریل میں ریکارڈ کم بارشیں ہوئیں۔

بنگلہ دیش میں اسکول اتوار تک بند رہیں گے۔ حکومت نے گزشتہ ہفتے کے آخر میں کلاس رومز کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا تھا لیکن بنگلہ دیش کی ایک اعلیٰ عدالت نے ان اطلاعات کو مدنظر رکھتے ہوئے پیر کو انہیں دوبارہ بند کرنے کی ہدایت کی کہ گرمی کی لہر میں کئی اساتذہ کی موت ہو گئی تھی۔

ش ر⁄ ا ا (اے ایف پی)