نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ ‘لاہور، کراچی اور راولپنڈی کی کامیابی

کوئٹہ کی ٹیم 53رنز پر آئوٹ، ارم جاوید اور لائبہ فاطمہ کی نصف سنچریاں

بدھ 1 مئی 2024 22:52

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2024ء) نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں بدھ کے روز کھیلے گئے میچوں میں لاہور، کراچی اور راولپنڈی نے کامیابی حاصل کرلی۔ بارش اور خراب موسم کی وجہ سے ان میچوں میں نظرثانی شدہ اوورز مقرر کیے گئے۔ اقبال اسٹیڈیم میں لاہور نے پشاور کو 74 رنز سے ہرادیا۔لاہور نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 29اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 150رنز بنائے۔

ارم جاوید نے 61رنز اسکور کیے جس میں سات چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔پشاور کی ٹیم 25اوورز میں 76 رنز بناکر آیوٹ ہوگئی۔ مومینہ ریاست نے 20رنز اسکور کیے۔ قر العین نے 23رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔بوہڑانوالی گرائونڈ میں کراچی نے ملتان کو 9وکٹوں سے شکست دیدی۔ملتان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 32اوورز میں7وکٹوں کے نقصان پر101رنز بنائے۔

(جاری ہے)

وجیہہ منیر اور صدف شمس نے سولہ سولہ رنز بنائے۔

ماہم منظور نے 16رنز دے کر 3وکٹیں حاصل کیں۔کراچی نے 18.4اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ اسکور پورا کرلیا۔ لائبہ فاطمہ نے دس چوکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے اور وہ آئوٹ نہیں ہوئیں۔جواد کلب گرائونڈ میں راولپنڈی نے کوئٹہ کو 9 وکٹوں سے ہرادیا۔کوئٹہ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 53رنز پر آئوٹ ہوگئی۔ کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگرز میں نہ آسکی۔فاطمہ زہرا اور ردا اسلم نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔راولپنڈی نے ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ عائمہ سلیم نے تین چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے۔