Live Updates

روٹی اور نان کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ کاکریک ڈاؤن جاری

جمعہ 3 مئی 2024 21:30

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2024ء) حکومت پنجاب کی جانب سے روٹی اور نان کی مقرر کردہ قیمتوں پر عملدرآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کاکریک ڈاؤن بھرپور طریقے سے جاری ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرزو پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی جانب سے ضلع گوجرانوالہ اور وزیر آباد میں متعددچھاپہ مار کارروائیاں کی گئیں،زائد قیمت پر روٹی فروخت اور دیگر خلاف ورزی کرنے والے 31دکانداروں کو85ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور دو افراد کو حوالہ پولیس اور دو دکانوں کو سیل بھی کیا گیا۔

اب تک 1288دکانوں و تندوروں پر حکومتی نرخوں پر مشتمل بینرز آویزاں کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ محمد طارق قریشی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی واضح ہدایات ہیں کہ نان اور روٹی کی حکومتی نرخوں پر فروخت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ، اس سلسلہ میں شہری ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور جہاں کہیں بھی حکومتی نرخوں سے زائد پر فروخت ہو تو فوری نشاندہی کرتے ہوئے شکایات درج کروائیں تا کہ غیر قانونی منافع خوروں کو قانون کے شکنجے میں لاتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام اسسٹنٹ کمشنرز، پرائس مجسٹریٹس روٹی اور نان کی قیمتوں پر اطلاق کیلئے روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں عمل میں لائیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام ہوٹلز و تندوروں پر نئی قیمتوں پر مشتمل فلیکسز نمایاں جگہ پر آویزاں کیے جائیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات