سیکریٹری اطلاعات کی زیرصدارت ڈائریکٹوریٹ کا23 ویں جائزہ اجلاس

محکمہ اطلاعات سندھ کی جانب سے جدید پبلک ریلیشننگ حکمت عملیوں کو بہتر بنانے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں،ندیم الرحمن میمن

جمعہ 3 مئی 2024 22:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2024ء) سیکریٹری محکمہ اطلاعات سندھ ندیم الرحمان میمن نے کہاہے کہ محکمہ اطلاعات سندھ کی بہتری اور اصلاح کے لیے موثر اور جدید اقدامات کیے جارہے ہیں، یہ بات انہوں نے ڈائریکٹوریٹ کے 23 ویں جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی امیج بلڈنگ کے ساتھ ساتھ محکمہ اطلاعات سندھ (SID) بھی عوامی مطالبات اور شکایات کو متعلقہ حلقوں سے شیئر کر رہا ہے تاکہ فوری نوٹس لے کر ضروری کارروائی کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا نوٹس لینے کے لیے پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ کو جدید طرز پر بڑھایا گیا ہے تاکہ شکایات کا بروقت متعلقہ محکموں سے تبادلہ کیا جا سکے۔ سیکریٹری اطلاعات نے کہا کہ ضروری ترامیم کے لیے اشتہاری پالیسی پر نظرثانی کے ساتھ ساتھ محکمہ ، پبلیکیشن پالیسی ، فلم، پریس اور پبلیکیشنز سے متعلق دیگر ضروری میڈیا قوانین کو بھی تیار اور حتمی شکل دینے جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گریڈ ون سے آگے تک بھرتی کے قوانین دوبارہ بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ 1 سے 15 تک نچلے گریڈ میں کام کرنے والے محکمہ اطلاعات کے عملے کو ضابطہ اخلاق کی تکمیل کے بعد بروقت ترقی دی جا رہی ہے۔ ندیم الرحمان میمن نے کہا کہ محکمہ اطلاعات سندھ ٹرانسپیرنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2016 کے سیکشن 6 اور 7 کے تحت معلومات کے فعال افشا پر یقین رکھتا ہے اور تمام درخواستیں براہ راست آتی ہیں یا سندھ انفارمیشن کمیشن (SIC) سے جا ری کی جا تی ہیں۔

انہوں نے میڈیا ہاسز کے معاملات کو فوری طور پر نمٹانے میں بھرپور تعاون کرنے پر محکمہ کے وزیر شرجیل انعام میمن کا شکریہ ادا کیا۔ سیکریٹری نے کہا کہ تھرڈ پارٹی آڈٹ رپورٹ کے بعد تمام زیر التوا ادائیگیاں کلیئر کر دی جائیں گی، اس مقصد کے لیے واجبات کی ادا ئیگی کی تصدیق کے لیے آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ اجلاس میں اختر علی سرہیو، ڈائریکٹر پریس انفارمیشن، محمد یوسف کابوروڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ ، منصور احمد راجپوت، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اینڈ اکانٹس، امتیاز علی جویو، ڈائریکٹر پبلیکیشن، محمد علی ریاض میمن، ڈائریکٹر پریس، معیز الدین پیرزادہ، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ،سید محمد عظیم شاہ، ڈائریکٹر لیگل، فیصل فاروقی، ڈائریکٹر سوشل میڈیا، فدا حسین بلادی، ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا، محمد کامران، ڈائریکٹر ریسرچ اینڈ ریفرنس نے اپنے اپنے ڈائریکٹوریٹ کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹرز سرور سمیجو، سارنگ لطیف چانڈیو، صاحب خان بھنڈ اور مختلف سیکشنز اور ڈائریکٹوریٹ کے انفارمیشن افسران نے بھی شرکت کی۔