گورنرخیبر پختونخوا بننے پر فیصل کنڈی کا دیرینہ خواب پورا ہو جائے گا، بیرسٹرسیف

ہفتہ 4 مئی 2024 20:15

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ گورنر بننے کے بعد فیصل کنڈی کا دیرینہ خواب پورا ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے اقتدار میں بندربانٹ سے فیصل کریم کنڈی کو یہ عہدہ چونگے میں مل گیا، گورنر شپ کیلئے فیصل کریم کنڈی کچھ عرصہ سے صوبائی حکومت کیخلاف بیان بازی کرتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے خلاف بیان بازی پر فیصل کریم کنڈی کو گورنر کے عہدے سے نوازا گیا، امید ہے فیصل کریم کنڈی پی ٹی آئی کے خلاف گرما گرم بیانات سے پرہیز کریں گے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ امید ہے نئے گورنر عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے، گورنر وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے صوبائی بقایاجات پر مرکز سے بات کریں گے۔