فضل الرحمان ہمارے بزرگ ہیں ، ان کی نواز شریف سے بھی دوستی ہے‘ سعد رفیق

علی امین گنڈا پور وفاقی حکومت کے حوالے سے جو لفظی گولہ باری کررہے ہیں وہ کسی وزیر اعلیٰ کو زیب نہیں دیتا تحریک انصاف کی تاریخ ہے وہ ہمیشہ انتشار پیدا کرتے ہیں‘ سینئر لیگی رہنما کی ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 18 مئی 2024 15:55

فضل الرحمان ہمارے بزرگ ہیں ، ان کی نواز شریف سے بھی دوستی ہے‘ سعد رفیق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے بزرگ ہیں ان سے محبت ، اخوت عقیدت اورپیار کا رشتہ موجود ہے ، ان کی نواز شریف سے بھی دوستی ہے ،علی امین گنڈا پور وفاقی حکومت کے حوالے سے جو لفظی گولہ باری کررہے ہیں وہ کسی صوبے کے وزیر اعلیٰ کو زیب نہیں دیتا، لگتا یہ ہے ان سے کام چلنا نہیں ہے اس لئے وہ چاہتے ہیں ایسی صورتحال پیدا کریں، تحریک انصاف کی تاریخ ہے کہ وہ ہمیشہ انتشار پیدا کرتے ہیں، جب بھی ملک چلنے لگتا ہے وہ چلنے نہیں دیتے اوریہ کوئی پہلی بار نہیں ہو رہا۔

(جاری ہے)

پارٹی کے سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے بتایا کہ اجلاس میں شہبازشریف کے پارٹی صدارت کے استعفے کو بھاری دل سے قبول کیاگیا ہے اوران کی بطور صدر کی خدمات کو سراہا گیا ہے ،پارٹی صدر کے انتخاب کے لئے رانا ثنا اللہ خان کو چیف الیکشن کمشنر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ پارٹی کے جنرل سیکرٹری کے لئے اپنا نام سامنے آنے کے سوال کے جواب میں سعد رفیق نے کہا کہ مجھے اس کا علم نہیں ہے ۔